’حلال فوڈ کے کاروبار میں تیزی‘

دنیا کے سب سے بڑے فوڈ گروپ کے ایک سینیئر اہلکار نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے دس سال میں یورپ میں حلال فوڈ کا کاروبار بیس سے پچیس فیصد بڑھے گا۔
ہالینڈ کے شہر ہیگ میں ورلڈ حلال فورم کے اجلاس کے موقع پر برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے نیسلے کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ فرٹس واں ڈک نے کہا کہ مسلمان جلد ہی دنیا کی آبادی کا بیس فیصد ہوں گے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حلال مصنوعات کو برطانوی سٹور ٹیسکو اور فرانسیسی سٹور کاغفُو سمیت بڑی بڑی یورپی سپر مارکیٹوں اور خصوصی دکانوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق یورپ کی ٹوٹل حلال فوڈ مارکیٹ کا حجم چھیاسٹھ ارب ڈالر کے برابر ہے جبکہ دنیا بھر میں چھ سو تیس ارب ڈالر کا حلال فوڈ کا کاروبار ہوتا ہے۔ اس میں گوشت، تازہ خوراک اور پیک شدہ خوراک شامل ہے۔
یورپ میں دیگر مشہور حلال مصنوعات میں مِلک پاؤڈر، کھانا پکانے میں استعمال ہونے والی اشیاء اور مختلف طرح کی چٹنیاں شامل ہیں۔
مسٹر فرٹس واں ڈک کے مطابق نیسلے نے حال ہی میں فرانس میں گوشت سے تیار شدہ اور فروزن فوڈ حلال مصنوعات کی فروخت شروع کی ہے۔
نیسلے حلال فوڈ کا ایک بڑا مینوفیکچرر ہے اور یہ ملائشیا، انڈونیشیا، ترکی اور مشرقِ وسطی میں حلال فوڈ کی مصنوعات فروخت کرتا ہے۔ اب یہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں بھی حلال مارکیٹ پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔



