آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بیلمورل قلعہ: سکاٹ لینڈ کا وہ گھر جس سے ملکہ کو محبت تھی
رائل ڈیسائیڈ میں واقع بیلمورل میں اپنے گھر سے ملکہ کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی۔
اپنے پیارے شوہر فلپ اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ وہ زیادہ تر موسم گرما، ایبرڈین شائر میں 50 ہزار ایکڑ پر محیط اس جاگیر پر گزارتی تھیں۔
دیہی علاقے سے گھرے بیلمورل قلعے میں انھوں نے بہت سی چھٹیاں گزاریں۔ بچپن میں وہ اپنے دادا جارج پنجم اور ملکہ میری کے ساتھ یہاں آتیں جبکہ اپنی زندگی کے آخری لمحات بھی انھوں نے یہاں ہی گزارے۔
انھوں نے یہاں پر کئی شاہی دعوتوں کی میزبانی کی اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ بریمر ہائی لینڈ گیمز میں منعقد ہونے والے ایونٹس سے لطف اندوز ہوئیں۔
انھوں نے اپنے شوہر شہزادہ فلپ کی زندگی کے آخری برس یہاں ہی ان کے ساتھ گزارے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بھی دونوں یہاں ہی رہے اور نومبر 2020 میں یہیں اپنی شادی کی 73ویں سالگرہ بھی منائی۔
بیلمورل سنہ 1852 سے برطانوی شاہی خاندان کی رہائش گاہوں میں سے ایک رہا ہے، جب اس جاگیر اور قلعے کو ملکہ وکٹوریہ کے شوہر شہزادہ البرٹ نے فرقہوارسن خاندان سے خریدا۔ اس وقت یہ گھر بہت چھوٹا لگا تو موجودہ بیلمورل قلعہ کمیشن کیا گیا۔
یہ قلعہ سکاٹش بارونیئل طرزِ تعمیر کی ایک مثال ہے اور ہسٹورک انوائرمینٹ سکاٹ لینڈ نے اسے اے کیٹیگری کی عمارتوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ نئے قلعے کی تعمیر سنہ 1856 میں مکمل ہو گئی اور پھر جلد ہی پرانے قلعے کو گرا دیا گیا۔
یہ ملکہ کی نجی ملکیت رہا اور شاہی جاگیر کا حصہ نہیں ہے۔
یہ ایک فعال جائیداد ہے جہاں تیتر بھی پالے جاتے ہیں، جنگل بھی ہیں اور زرعی زمین بھی۔ اس کے علاوہ یہاں ہرنوں، پہاڑی مویشیوں اور خچروں کے کنٹرولڈ غول بھی پائے جاتے ہیں۔
31 اگست 1997 کو شہزادی ڈیانا کی موت کے وقت شاہی خاندان بیلمورل میں ہی موجود تھا اور ابتدائی طور پر یہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
ڈیانا کی موت کے بعد اتوار کی صبح ملکہ اور شہزادہ چارلس، ولیم اور ہیری کے ساتھ قریبی کریتھی کرک میں ایک چرچ سروس میں شامل ہوئے۔
گھر واپسی پر انھوں نے عوام کی جانب سے خراج تحسین کے طور پر ملنے والے پھولوں اور پیغامات کو دیکھا۔
یہاں کچھ ایسی تصاویر پیش کی جا رہی ہیں، جن میں ملکہ اور ان کے خاندان کو بیلمورل میں دیکھا جا سکتا ہے:
تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔