مِرو تسکین: ترک انفلوئنسر پر ایمسٹرڈیم کے سیکس میوزیم میں موجود جنسی کھلونوں کی تصاویر دکھانے پر مقدمہ

    • مصنف, جوشوا نیویٹ
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

ایک ترک سوشل میڈیا انفلوئینسر کا کہنا ہے کہ ایمسٹرڈیم میں قائم دنیا کے مشہور سیکس میوزیم کے اندر کھینچی گئی تصاویر ’مذاق‘ کے طور پر پوسٹ کرنے پر ان کے خلاف ترکی میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

23 سالہ مِرو تسکین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان جنسی کھلونوں کی تصاویر شیئر کی تھیں جو انھوں نے گذشتہ سال جنوری میں ہالینڈ کے سفر کے دوران اس میوزیم سے خریدے تھے۔

وہ کہتی ہیں کہ انھیں چند ماہ بعد ترکی میں گرفتار کر لیا گیا، جہاں فحش مواد شیئر کرنا ایک جرم سمجھا جاتا ہے اور اب انھیں فحاشی کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

ترک قانون کے مطابق جو بھی فحش مواد شائع کرتا ہے اسے جرمانہ یا تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

تسکین نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میرا مقصد صرف مذاق تھا۔‘ تسکین کے انسٹاگرام پر تقریباً چھ لاکھ فالوورز ہیں۔

لندن میں ترک سفارت خانے سے اس بارے میں رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انھوں نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

’میں عدالت میںپیش ہونے سے خوفزدہ ہوں

تسکین جو استنبول میں رہتی ہیں، کہتی ہیں کہ وہ اپنی 22 ویں سالگرہ منانے دو دوستوں کے ہمراہ ایمسٹرڈیم گئی تھیں۔

وہاں انھوں نے جو جگہیں دیکھنے کی فہرست بنائی تھی ان میں سے ایک سیکس میوزیم بھی تھا، جہاں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔

انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر وہاں میوزیم میں فروخت ہونے والی اشیا کی تصاویر شیئر کیں، جن میں عضو تناسل کے سائز کا پاستا اور ’سیکسی بوتل اوپنر‘ بھی شامل ہے۔

مِرو تسکین کے نزدیک وہ تصاویر بالکل معصومانہ سی تھیں، لیکن ترکی میں حکام نے انھیں ایک مختلف نظر سے دیکھا۔

وہ کہتی ہیں کہ انھیں واپسی کے بعد دو مرتبہ گرفتار کیا گیا، ایک مرتبہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران اور دوسرے موقع پر انھیں استغاثہ کو بیان دینا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے

ان کا خیال تھا کہ اس کے بعد معاملہ ختم ہو جائے گا۔ لیکن اس سال کے آغاز میں انھیں اس وقت حیرت ہوئی جب استنبول کی ایک عدالت نے انھیں ٹیکسٹ میسج کے ذریعے دوبارہ عدالت میں طلب کیا۔

بی بی سی نے اس ٹیکسٹ میسج کا سکرین شاٹ دیکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تسکین 26 اکتوبر کو ترکی کے تعزیراتی ضابطے کی خلاف ورزی کے ایک مقدمے میں عدالت میں پیش ہوں۔

آرٹیکل 226 فحش مواد کےحوالے سے ان جرائم کے متعلق ہے جنھیں ناگوار سمجھا جاتا ہے۔

تسکین کہتی ہیں کہ عدالتی سمن موصول ہونے کے بعد انھوں نے اپنی بہت سی ٹویٹس کو ڈیلیٹ کر دیا ہے تاکہ دوبارہ شکایت نہ کی جائے۔

تسکین کہتی ہیں کہ وہ عدالت میں گواہی دینے سے خوفزدہ ہیں لیکن پھر بھی وہ یہ اپنی مرضی سے کریں گی۔ انھوں نے گذشتہ ہفتے عدالتی سمن کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا، اور اس کے بعد سے ہالینڈ میں ان کے مقدمے کو بڑی کوریج مل رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میوزیم نے انھیں ایک پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’آپ کی مصیبت کے بارے میں سن کر افسوس ہوا ہے‘ اور پیغام میں انھیں ’دوسری خواتین کے لیے بہترین رول ماڈل‘ قرار دیا گیا ہے۔

پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہمارے میوزیم کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو سیکس کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔ ہم اپنے جذبات کا اظہار کرنے اور اس طرح کی تصاویر پوسٹ کرنے پر آپ کی تعریف کرتے ہیں۔‘

ترک قانون کے تحت ویب سائٹس، پبلشرز اور حکومتی ناقدین کو فحش مواد کی وجہ سے سنسر اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انسانی حقوق کے گروہوں کا کہنا ہے کہ ترکی میں صدر رجب طیب اردوغان کی حکومت میں آن لائن اظہار رائے کی آزادی میں کمی آئی ہے۔

ان کے ناقدین انھیں ایک آمرانہ رہنما سمجھتے ہیں جو اختلافِ رائے برداشت نہیں کرتا، اور جو ہر اس شخص کو سختی سے خاموش کر دیتا ہے جو ان کی اور ان کی قدامت پسند، اسلامی اقدار کی مخالفت کرتا ہے۔

غیر سرکاری تنظیم فریڈم ہاؤس کے مطابق ترکی یورپی خطے میں سب سے زیادہ مشکل جگہوں میں سے ایک ہے جہاں آزادی اظہار اور اظہار رائے کا حق استعمال کرنا بہت مشکل ہے۔ فریڈم ہاؤس کے مطابق صحافی، کارکن اور حزبِ مخالف کی شخصیات کو ’حکومت پر تنقید کرنے پر بڑے پیمانے پر ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

گذشتہ برس ترکی کی پارلیمنٹ کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کنٹرول کرنے والے قانون کی منظوری کے بعد سوشل میڈیا پر سنسر شپ سخت کر دی گئی ہے۔