الجزائر میں مصنف کو توہین اسلام کے جرم میں تین سال قید

،تصویر کا ذریعہAFP
الجزائر کے ایک مصنف کو توہینِ مذہب کے الزام میں تین سال کی قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
سعید جبلخیر کے مقدمے کو وسیع پیمانے پر توجہ حاصل ہوئی ہے۔
53 سالہ صحافی اور مصنف سعید جبلخیر نے اسلامی علوم پر دو کتابیں تحریر کی ہیں۔ ان پر مقدمہ تب چلایا گیا جب سات وکلا اور یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے سوشل میڈیا پر اُن کے تبصروں کے خلاف شکایت درج کروائی۔
یہ بھی پڑھیے
کہا جاتا ہے کہ اُنھوں نے اسلام میں بھیڑ کی قربانی کے عمل کو بت پرستوں کی رسم قرار دیا تھا۔
الجزائر کے قانون کے تحت پیغمبرِ اسلام یا اسلام کے شعائر کی توہین کرنے پر پانچ سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنان اور سیاست دانوں نے جبلخیر کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی سزا آزادیِ اظہار پر حملہ ہے۔
ان کے وکیل مومن شادی نے کہا ہے کہ وہ سزا کی سختی سے حیران ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ انھیں امید تھی کہ یہ مقدمہ خارج کر دیا جائے گا۔
سزا کے بعد سعید جبلخیر کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔ اُنھوں نے دارالحکومت میں عدالت کے باہر رپورٹرز کو بتایا کہ وہ اپیل کرنا اور 'ضمیر کی آزادی' کے لیے لڑائی لڑنا چاہتے ہیں۔





