میکسیکو: شدید ژالہ باری کے بعد شہر میں برف کا قالین بچھ گیا

میکسیکو کے شہر گوڈالجاراکے چھ مضافات میں شدید ژالہ باری طوفان کے بعد موٹی تہہ والی برف کا قالین بچھ گیا۔

برف کی تہہ 1.5 میٹر تک موٹی تھی۔ کچھ جگہوں پر تو یہ اتنی موٹی تھی کہ آدھی گاڑیاں اس میں دفن ہو گئیں۔

پانچ ملین آبادی والے میکسیکو شہر کے شمال میں سڑکوں کی صفائی کے لیے مشینری تعینات کی گئی۔

مقامی حکام کے مطابق سیلاب اور درخت گرنے کی بھی اطلاعات تھیں لیکن کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ملی۔

اس شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہتا ہے۔ یہاں پہلے بھی ژالہ باری ہوتی رہی ہے لیکن اتنی شدت کے ساتھ نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہر اور قریبی اضلاع میں 200 گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور درجنوں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق ریاست کے گورنر اینریکے الفارو نے اسے نا قابلِ یقین قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’پھر ہم خود سے پوچھتے ہیں کہ کیا موسمیاتی تبدیلی حقیقی ہے۔ قدرتی کرشمے کا ایسا مظاہرہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔‘

تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔