فرانسیسی ریستوران ’میراژور‘ دنیا کا بہترین ریستوران قرار

،تصویر کا ذریعہVALERY HACHE/AFP/Getty Images
ہم میں سے زیادہ تر لوگوں کی اکثر اپنے دوستوں سے اس حوالے سے بحث ہوجاتی ہے کہ آخر سب سے بہترین ریستوران کون سا ہے۔
اور یہ ایک عالمی سوال ہے جس کے حل کے لیے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں کھانوں کے ماہرین کئی عوامل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہماری آسانی کی لیے سب سے بہترین ریستوران کا فیصلہ کرتے ہیں۔
حال ہی میں سنگاپور میں ایک بین الاقوامی مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا کے 50 ریستورانوں کا موازنہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سنہ 2002 سے منعقد ہو رہے ان ایوارڈز میں اس سال پہلا انعام فرانس کے میراژور ریستوران نے حاصل کیا ہے اور اس کا مقابلہ فرانس، ڈنمارک اور پیرو کے کئی ریستورانوں سے تھا جنہوں نے ٹاپ 10 میں اپنی جگہ بنائی۔
یہ ریستوران چلانے والے شیف ماؤرو کولاگریکو نے خبررساں ادارے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو 'ہواؤں میں اڑتا ہوا' محسوس کر رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنہ 2006 میں کھلنے والے اس ریستوران کو دنیا کے بہترین ریستوران کا ایوارڈ 'فرانس کے مشہور تفریحی مقام ریویئرا کے بہترین نظاروں، خالص سبزیاں پیدا کرنے والے باغات اور انتہائی ہنرمند باورچیوں اور دیگر عملے‘ کی وجہ سے دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہVALERY HACHE/AFP/Getty Images
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ماؤرو کے ریستوران کو کئی ڈشز بشمول اپنے ہی باغ میں اگائی گئی نمک کی تہہ لگی چقندر کے لیے دیا گیا جسے کیویار کریم کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
اگر تو آپ کا بھی ان ممالک میں جانے کا تجربہ ہو تو ہو سکتا ہے کہ ان بہترین ریستورانوں کی فہرست کھانے کے بہترین تجربے کے انتخاب میں مددگار ثابت ہو۔
اس سال کے 10 بہترین ریستوران یہ قرار پائے ہیں۔
1: میراژور، مینٹن (فرانس)
2: نوما، کوپن ہیگن (ڈنمارک)
3: ایسادور ایتسیباری، آشپے (اسپین)
4: گگن، بنکاک (تھائی لینڈ)
5: جیرانیئم، کوپن ہیگن (ڈنمارک)
6: سینٹرل، لیما (پیرو)
7: موگارٹز، سان سیباسٹیئن (اسپین)
8: آرپیژ، پیرس (فرانس)
9: دسفروتار، بارسلونا (اسپین)
10: مائدو، لیما (پیرو)
اس فہرست کی تیاری میں ایک ہزار سے زائد ماہرین کی آراء سے مدد لی گئی۔
مگر غذائی دنیا میں مشہور ان ایوارڈز پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔ تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ریستورانوں کی درجہ بندی کے لیے کوئی واضح معیار طے شدہ نہیں ہے۔











