جی 20 سربراہی اجلاس: خاشقجی قتل کے بعد محمد بن سلمان کا پہلا بڑا سفارتی امتحان

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں منعقد ہونے والا G20 سربراہی اجلاس سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ایک بڑے سفارتی امتحان کے مترادف ہو گا۔
ستمبر میں استنبول کے سعودی قونصلیٹ میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد مختلف حلقوں سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ اس میں سعودی ولی عہد کس حد تک ملوث ہیں۔
برطانوی وزیرِ اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد سے مل کر انھیں 'بہت واضح' پیغام دیں گی۔
انھوں نے کہا: 'خاشقجی کے بارے میں ہم مکمل اور شفاف تحقیقات چاہتے ہیں کہ وہاں اصل میں ہوا کیا، اور ہم اس کے ذمہ داروں کو جوابدہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹرمپ، پوٹن ملاقات کیوں منسوخ ہوئی؟
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادی میر پوتن سے اپنی ملاقات منسوخ کر دی ہے، جس کی وجہ روس کی جانب سے یوکرین کے بحری جہازوں پر قبضہ کر لینا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روس نے بحیرۂ اسود میں تین یوکرینی جہازوں پر قبضہ کر لیا تھا اور ان کے عملے کے 24 ارکان کو حراست میں لے لیا تھا۔ روس نے الزام لگایا تھا کہ وہ اس کے ممنوع علاقے میں گھس آئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے کیوں روس نے جہاز اور عملے کے ارکان ابھی تک واپس نہیں کیے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
صدر پوتن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا: 'اگر ایسا ہے تو پھر صدر کے پاس پروگرام کے دوران دو فالتو گھنٹے ہوں گے کہ وہ اس کے حاشیے پر مفید ملاقاتیں کر سکیں۔'
جرمنی کی چانسلر آنگیلا میرکل نے اس بحران کا ذمہ دار روس کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر صدر پوتن سے بات کریں گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ میں مزید شدت
دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ میں تخفیف کی امید ماند پڑ گئی ہے، بلکہ الٹا اس میں تیزی آنے کا خدشہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ 200 ارب ڈالر مالیت کی چینی مصنوعات پر عائد محصول منصوبے کے مطابق بڑھا دیے جائیں گے۔
انھوں نے 267 ارب ڈالر مالیت کی دوسری روسی درآمدات پر بھی محصول عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چین تو معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن میں اس کے حق میں نہیں ہوں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
جی 20 ہے کیا؟
یہ ایک ایسا گروپ ہے جس میں دنیا کے 19 امیر ملک نیز یورپی یونین شامل ہیں۔ ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، انڈیا، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، ترکی، برطانیہ اور امریکہ اس کے ارکان ہیں۔
جمعے کو ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس ہونے والے اس دو روزہ سربراہی اجلاس میں 'شفاف اور پائیدار ترقی' پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
گذشتہ سال یہ اجلاس جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں منعقد ہوا تھا، تاہم اس دوران اس کے خلاف سخت مظاہرے ہوئے تھے۔
اس سال ممکنہ ہنگاموں سے نمٹنے کے لیے 20 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔










