متحدہ عرب امارات: ’خاتون نے عاشق کو پکا کر پاکستانی مزدوروں کو کھلا دیا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مراکش سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے عاشق کو قتل کر کے ان کی باقیات پکا کر پاکستانی مزدوروں کو کھلا دیں۔
متحدہ عرب امارات میں استغاثہ کا الزام ہے کہ اس خاتون نے تین ماہ قبل اپنے بوائے فرینڈ کو قتل کیا لیکن اس بارے میں حال ہی میں اس وقت معلوم ہوا جب ان کے زیر استعمال بلینڈر سے ایک انسانی دانت ملا۔
مقامی اخبار دی نیشنل کے مطابق اس خاتون نے پولیس کے سامنے یہ جرم قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایسا 'پاگل پن' کے لمحے میں ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
30 برس سے زیادہ عمر کی اس خاتون پر مکمل تحقیقات کے بعد مقدمہ چلایا جائے گا۔
اس خاتون کا مقتول کے ساتھ سات برس پرانا تعلق تھا۔ دی نیشنل کے مطابق انھوں نے اس شخص کو اس وقت قتل کیا جب انھوں نے خاتون کو بتایا کہ وہ مراکش سے ہی تعلق رکھنے والی ایک دوسری خاتون سے شادی کرنے والے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا کہ قتل کیسے کیا گیا تاہم ان کا یہ کہنا ہے کہ اس خاتون نے اس شخص کی باقیات کو پکا کر روایتی چاول اور گوشت کی ڈش کے ساتھ ملا کر قریب ہی کام کر رہے پاکستانی ملازمین کے ایک گروپ کو پیش کر دیا تھا۔
مقامی خبروں کے مطابق جب مقتول کا بھائی ان کی تلاش میں العین پہنچا تو وہاں انھیں بلینڈر میں ایک انسانی دانت ملا۔
انھوں نے اپنے بھائی کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی اور اُس دانت کے ڈی این اے ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ مقتول کا ہی دانت ہے۔
پولیس کے مطابق اس خاتون نے پہلے مقتول کے بھائی کو یہ کہا کہ انھوں نے اسے گھر سے نکال دیا ہے۔ لیکن مقامی اخبار گلف نیوز کے مطابق بعد میں پولیس کی تفتیش کے دوران اس قتل کو تسلیم کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزمہ نے اپنے فلیٹ سے تمام نشانات مٹانے کے لیے ایک دوست کی مدد لی تھی۔
اس خاتون کو ذہنی معائنے کے لیے ہسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔







