عالمی یومِ خوراک: کیا آپ ان 11 کراہت انگیز کھانوں میں سے کوئی چکھنا چاہیں گے؟

Marmite on toast

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بہت سے لوگوں کو کلبلاتے ہوئے کیڑوں سے لدا ہوا پنیر دیکھ کر گھن آئے گی۔ لیکن اگر اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کے لوگوں سے پوچھیں تو ان کے منھ میں پانی آ جائے گا۔

مختلف ثقافتوں کے کھانوں کا تنوع ایک نئی نمائش کا موضوع ہے جو نئے کھلنے والے ’کراہت انگیز کھانوں کے عجائب گھر‘ میں پیش کی جا رہی ہے۔

یہ عجائب گھر سویڈن کے شہر مالمو میں واقع ہے اور نمائش 31 اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے بعد یہ دنیا کے دوسرے حصوں کا رخ کرے گی۔

ثقافتی تنوع

اس نمائش کا مشن خوراک کے بارے میں ہمارے تصورات کو بدلنا ہے۔

نمائش کے منتظم اور ماہرِ نفسیات سیموئل ویسٹ کہتے ہیں کہ ’خوراک ہماری ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہے اور اس کا بڑا انحصار ان حالات پر ہے جن میں پلے بڑھے ہوں۔

’کراہت یا گھن کا ارتقائی مقصد ہمیں بیماری اور غیر محفوظ خوراک سے بچانا ہے، لیکن جہاں گھِن کا احساس بین الاقوامی ہے، ہمیں کس قسم کی خوراک سے گھن آتی ہے، وہ احساس بین الاقوامی نہیں ہے۔‘

Root beer

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ویسٹ اور ان کے ساتھی اینڈرز اہرن کراہت انگیز کھانوں کی تلاش میں دنیا کے مختلف حصوں میں گئے۔

انھیں کل 300 ایسی غذائیں ملیں جن میں سے انھوں نے نمائش کے لیے 80 کا انتخاب کیا۔

کیا آپ اتنے بہادر ہیں ان میں سے کچھ غذائیں اپنے منھ میں ڈال سکتے ہیں؟

کیڑوں بھرا پنیر (اٹلی)

Maggot-ridden cheese

،تصویر کا ذریعہAnja Barte Telin

،تصویر کا کیپشنیہ پنیر بعض یورپی ملکوں میں ممنوع ہے

اٹلی کے جزیرے سارڈینیا میں پیکورینو پنیر کو کاٹ کر باہر چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ اس میں مکھیاں انڈے دے سکیں۔

ان انڈوں سے لاروا جنم لیتے ہیں۔ لیکن اس قسم کا پنیر کھانے والوں کو اپنی آنکھیں چھلانگیں لگاتے ہوئے لاروا سے بچانا پڑتی ہیں۔ زندہ کیڑے کھانا تھوڑا سا خطرناک بھی ہے کیوں کہ یہ معدے میں زندہ رہ سکتے ہیں اور بعض اوقات آنتوں کی دیواروں میں سوراخ کر سکتے ہیں۔

بیل کا عضو (چین)

Bull penis

،تصویر کا ذریعہAnja Barte Telin

،تصویر کا کیپشنچینی مینیو کا خاص آئٹم

چین میں بیل کے عضو کے بارے میں تصور ہے کہ اس سے قوتِ باہ میں اضافہ ہوتا ہے۔

بھنے ہوئے جھینگر (یوگینڈا)

Fried Grasshoppers

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبھنے جھینگر، افریقیوں کا من بھاتا کھاجا

افریقہ کے کئی ملکوں میں بھنے جھینگر کو ہلکے پھلکے کھانے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ شوقین لوگ انھیں بیئر کے ساتھ کھاتے ہیں۔

چیونٹی کے انڈے (میکسیکو)

Escamoles

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تاریخ دانوں کے مطابق میکسیکو میں صدیوں سے چیونٹیوں کے انڈے کھائے جا رہے ہیں۔ عام طور پر انھیں مصالحوں کے ساتھ پکایا جاتا ہے اور ساتھ میں چٹنی بھی کھائی جاتی ہے۔

کوبرا سانپ کا دل (ویت نام)

Cobra

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکوبرا کا دل کھائیں گے؟

اس خوراک کا شمار بھی ان کھانوں میں ہوتا ہے جنھیں مخصوص قوت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

سانپ کو ابالا جاتا ہے اور دل نکالنے کے بعد گوشت بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ دل کو ووڈکا شراب اور سانپ کے خون کا ساتھ کھایا جاتا ہے۔

بھیڑ کی آنکھ (ایران، افغانستان، عراق)

Kale pache

،تصویر کا ذریعہMo Styles

،تصویر کا کیپشنبھیڑ کا کوئی حصہ ضائع نہ ہو

تہران، بغداد اور کابل میں بھیڑ کے جسم کا کوئی حصہ ضائع نہیں جانے دیا جاتا اور آنکھوں کے علاوہ مغز، آنتیں اور کُھر تک نہیں چھوڑے جاتے۔

سؤر کا ابلا ہوا خون (برطانیہ)

English fried breakfast

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبلیک پڈنگ روایتی برطانوی کھانا ہے

یہ روایتی برطانوی کھانا ہے جس میں اس جانور کے خون اور چربی کو جئی کے آٹے میں ملا کر پکایا جاتا ہے اور اسے بلیک پڈنگ کہتے ہیں۔

مینڈک کا رس (پیرو)

Frogs

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمینڈک کا رس

پیرو میں ٹٹیکاکا نامی مینڈک کو انڈے، شہد اور مصالحہ جات میں ملا کر پکایا جاتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے اندر بھی ’مخصوص‘ طاقت موجود ہے جس کی وجہ سے اسے ’پیرو کی ویاگرا‘ بھی کہا جاتا ہے۔

مرغی کے سینے کی پڈنگ (ترکی)

Chicken

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمرغی کی کھیر کھانا پسند کریں گے؟

میٹھے میں مرغی کا گوشت؟

ترکی میں تاوک گوگسو نامی خوراک عثمانی دور سے امرا کی خوراک سمجھی جاتی ہے۔ یہ خوراک مرغی کے سینے کے گوشت، شہد، دودھ، چاول، دارچینی، آٹے اور چینی کو ملا کر پکائی جاتی ہے۔

چوہے کی شراب (چینی)

Mouse wine

،تصویر کا ذریعہMo Styles

،تصویر کا کیپشنچوہے والی شراب چینی طب کا حصہ ہے

یہ شراب تیار کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگتا ہے اور اس میں چوہے کے مردہ بچے استعمال ہوتے ہیں۔ لیکن یہ خوراک سے زیادہ دوا ہے اور اسے دمہ اور جگر کی بیماریوں کے لیے پیا جاتا ہے۔

مچھلی کی جنسی رطوبت (روس)

Herring

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنروس میں مچھلی کا مادۂ منویہ خوراک کے طور پر استعمال ہوتا ہے

اس ڈش کا نام مولوکا ہے اور یہ روس میں عام ملتی ہے۔ اس میں وہ رطوبت استعمال ہوتی ہے جس کی مدد سے مچھلی افزائشِ نسل کرتی ہے۔