پیرو: انسانی تاریخ میں بچوں کی ’سب سے بڑی قربانی‘ کے شواہد

،تصویر کا ذریعہGABRIEL PRIETO/NATIONAL GEOGRAPHIC
ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں ایک دریافت کی ہے جو کہ ممکنہ طور پر انسانی تاریخ میں بچوں کی قربانی دینے کا سب سے بڑا واقعہ ہو سکتا ہے۔
پیرو کے شمالی ساحلی علاقے میں ماہرین نے ایک اجتماعی قبر دریافت کی ہے جس میں اندازوں کے مطابق 550 سال قبل 140 بچوں کی قربانی دے کر انھیں دفن کیا گیا تھا۔
یہ دریافت شہر تروہیلو کے قریب کی گئی ہے جو کہ قدیم شمئو تہذیب کے وسطیٰ مقام کے قریب ہے۔
ان بچوں کے ساتھ سو لاماز کو بھی وہاں دفنایا گیا تھا اور بظاہر یہ سب ایک ہی موقعے پر ہلاک کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
یہ نایاب دریافت نیشنل جیوگرافک سوسائٹی کی گرانٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔
اس دریافت کے ذمہ دار محقق جان ویرانو کا کہنا تھا کہ ’مجھے تو ایسا کچھ ملنے کی کوئی توقع نہیں تھی۔ اور میرے خیال میں ہماری ٹیم میں کسی اور کو بھی نہیں ہوگی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
2011 میں اسی مقام کے قریب انسانی قربانی کے پہلے شواہد ملے تھے جب وہاں سے 40 افراد اور 74 لاماز کی باقیات ملی تھیں اور یہ اس وقت پتا چلا تھا جب ایک 3500 سال پرانی عبادت گاہ کی کھدائی کی جا رہی تھی۔
نیشنل جیوگرافک کی جانب سے اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق قربان کیے گئے یہ 140 بچے 5 اور 14 سال کی عمر کے درمیان تھے تاہم ان میں سے زیادہ کی عمریں 8 سے 12 کے درمیان تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGABRIEL PRIETO/NATIONAL GEOGRAPHIC
ان بچوں کی انسانی قربانی ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی ہڈیوں کو ایک مخصوص انداز میں مخصوص مقامات سے کاٹا گیا ہے اور کچھ کی پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بچوں کے دل نکال لیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ بہت سے بچوں کے جسم پر شوخ لال رنگ بھی لگایا گیا تھا اور قوی امکان ہے کہ یہ قربانی کی رسم کا ایک حصہ تھا۔
بچوں کے ہمراہ دفن کیے گئے لاماز کو بھی اسی طرح تیار کیا گیا تھا۔ ان سب کی عمر 18 ماہ سے کم تھی اور سب کے چہرے مشرق کی طرف اینڈیز پہاڑوں کی جانب کر کے دفن کیا گیا تھا۔
اس تحقیق سے منسلک ایک اور محقق گیبریئل پریئتو کا کہنا تھا کہ ’جب لوگو اس کے متعلق سنتے ہیں کہ کیا ہوا، اور یہ کہ کتنے بڑے پیمانے پر ہوا، تو وہ پہلی چیز یہ پوچھتے ہیں کہ ایسا کیوں کیا گیا۔‘
اس سوال کا جواب مکمل یقینی کے ساتھ تو نہیں دیا جا سکتا مگر اس حوالے سے کچھ اندازے لگائے جا سکتے ہیں۔
مٹی کی جس تہہ میں یہ بچے دفن کیے گئے ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ شدید بارش اور سیلاب سے بنی ہو۔ اس علاقے کا عمومی طور پر موسم سخت گرم رہتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ سخت موسمی حالات کے پیشِ نظر یہ قربانی دی گئی ہو۔
نیشنل جیوگرافک کے بائیو آرکیالوجسٹ (ماہرِ حیاتیات برائے آثارِ قدیمہ) ہاگن کلاؤس کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ جب عام لوگوں کو قربان کرنے سے موسم میں بہتری نہیں آئی تو پھر پچوں کی قربانی دی گئی ہو۔







