آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فلپائن: سمندری طوفان ’ٹیمبن‘ میں تقریباً 200 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
فلپائن میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں تقریباً 200 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
فلپائن میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا کہنا ہے کہ 'ٹیمین' نامی طوفان جزیرہ منڈاناؤ کے حصوں میں اپنے ساتھ سیلاب اور مٹی کے تودے لایا جس کی وجہ سے دو علاقے، ٹوبوڈ اور پیاگاپو، بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں کئی گھر مٹی کے تودے تلے دب گئے ہیں۔
شدید بارشوں کے بعد بجلی کی معطلی اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات درپیش ہیں۔
امدادی ٹیم ابھی تک منڈاناؤ کے بعض علاقوں تک نہیں پہنچ سکی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ سمندری طوفان ٹیمبن جزیرہ منڈاناؤ سے گزر کر اب جنوب میں پلاوان کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں سے وہ چند روز میں مغرب میں جنوبی ویتنام پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیے
جمعے کو منڈاناؤ کے بعض حصوں سمیت دو دیگر علاقوں میں ایمرجنسی کی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ فلپائن میں اکثر و بیشتر شدید سمندری طوفان آتے رہتے ہیں البتہ منڈاناؤ اکثر ان سے متاثر نہیں ہوتا۔
مقامی حکام کے حوالے آن لائن نیوز ویب سائٹ ریپلر نے لکھا ہے کہ صرف لناؤ ڈل میں 127 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ زیمبوآگاہ میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ لناؤ ڈیسر میں ہلاکتوں کی تعداد کم ازکم 18 بتائی گئی ہے۔
توبود کے پولیس افسر گیری پارامی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک قصبے میں 19 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دلامہ نامی گاؤں طوفان میں بہہ گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’دریا کا پانی بلند ہوا اور بہت سے گھر بہا لے گیا۔ اب وہاں کوئی گاؤں نہیں بچا۔‘
بجلی کی ترسیل بند ہونے اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں مشکلات کا شکار ہیں۔
منڈاناؤ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کے سربراہ اینڈریو مورس نے کہا ہے کہ بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں بیماریاں پھیلنے کے امکانات ہیں خاص طور پر بچوں میں۔ وہاں بینے کے صاف پانی کی سپلائی ترجیح ہو گی۔'
ایک ہفتے پہلے ہی کائی تیک نامی سمندری طوفان نے مرکزی فلپائن کوشدید متاثر کیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ خطہ ابھی تک 2013 میں آنے والے ہائیان نامی طوفان کی تباہ کاریوں سے بحال ہونے کی کوششوں میں ہے جس میں پانچ ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور کئی ہزار متاثر ہوئے تھے۔