آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مریہ سے تباہی: وزیراعظم کے گھر کی چھت ’سب سے پہلے اڑی‘
سمندری طوفان ’مریہ‘ کیریبیئن جزائر کی جانب بڑھتا ہوا ڈومنیکا سے ٹکرایا ہے۔ طوفان کے سبب شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور ڈھائی سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ڈومنیکا کے وزیراعظم نے طوفان کو ’تباہ کن‘ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ ان کی جس سے بھی بات ہوئی وہ یہ بتا رہا ہے کہ ان کے گھر کی چھت اڑ چکی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی سرکاری رہائش گاہ کی چھت سب سے پہلے اڑی۔
کیریبیئن جزیرے ڈومنیکا کی مجموعی آبادی 70 ہزار افراد پر مشتمل ہے اور طوفان کے سبب تمام طرح کے رابطے منقطع ہونے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
ڈومنیکا کے وزیراعظم روزویلٹ سکیرت نے طوفان کے وقت کے حالات اور کیفیت اور اس سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات فیس بک پر پوسٹ کی ہیں۔
سمندری طوفان مریہ کو کیٹیگری فائیو میں شمار کیا جا رہا ہے جو درجہ بندی میں سب سے زیادہ شدید ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انھوں نے طوفان کی شدت کو واضح طور پر محسوس کیا ہے۔
اُس وقت جب تیز ہوائیں عمارت کی چھت سے ٹکرائیں تو وزیراعظم کو یہ محسوس ہوا، جیسے سب ختم ہو گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراعظم روزویلٹ نے فیس بک پر مفصل پوسٹ میں طوفان کو ’تباہ کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہواؤوں سے چھتیں اڑ گئی ہیں۔
انھوں نے لکھا کہ سب سے زیادہ خوف زدہ بات یہ ہے کہ لگاتار بارشوں سے ہونی والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی افراد کے شدید زخمی اور ہلاک ہونے کی خبریں آ سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اُن کی ترجیح طوفان میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیور کرنا اور امداد پہنچانا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہمیں مدد کی ضرورت ہے، میرے دوست ہمیں ہر طرح کی مدد کی ضرورت ہے۔‘
یاد رہے کہ سمندری طوفان ماریہ کیٹیگری پانچ کی شدت والا طوفان ہے اور اس علاقے میں آنے والے گذشتہ سمندری طوفان ارما کی مانند یہ بھی آگے بڑھتے ہوئے کریبیئن جزائر سے ٹکرا رہا ہے۔