آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
لندن دھماکہ: اٹھارہ سالہ مشتبہ شخص گرفتار
برطانیہ میں پولیس کا کہنا گذشتہ روز لندن کی میٹرو ٹرین میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے سرچ آپریشن میں ایک اٹھارہ سال کے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرانس جانے والی ایک کشتی میں سوار ہونے والا تھا۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر وہ کافی مطمئن ہیں۔
جمعے کی صبح مصروف اوقات میں لندن کی میٹرو ٹرین بم دھماکے کی کوشش کے بعد برطانیہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اہم مقامات پر پولیس اور مسلح افواج کے دستے تعینات ہیں۔
جمعے کو لندن کی پارسنز گرین سٹیشن پر صبح 8:20 پر ہونے والے اس حملے میں 30 افراد زخمی ہوئے تھے اور خاصی افراتفری پھیل گئی تھی۔
دیسی ساختہ بم میٹرو ٹرین کی ایک بوگی میں رکھا ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق دھماکہ خیز مواد میں آگ لگ گئی تھی لیکن وہ صحیح طرح پھٹ نہیں سکا تھا۔
ماہرین کے مطابق اگر دھماکہ خیز مواد صحیح سے پھٹتا تو اس سے زیادہ ہلاکتیں ہو سکتی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب ٹرین میں بم رکھنے کے مرتکب افراد کو پکڑنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔
پولیس کے سینکڑوں اہلکار ڈسٹرک لائن ٹرین پر حملے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میٹرو ٹرین سے ملنے والے دیسی ساختہ بم کے نمونوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فنگر پرنٹ اور ڈی این اے کی مدد سے شواہد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق پولیس اس حملے کی کڑیاں اسلامی شدت پسندی سے جوڑ رہی ہے۔
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ بم اس نے رکھوایا تھا۔
پارسنز گرین سٹیشن ایک دن بند رہنے کے بعد ہفتے کی صبح دوبارہ مسافروں کے لیے کھول دیا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر مارک راؤلی نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ کا 'معمول' ہے کہ وہ ہر حملے کی ذمہ داری قبول کر لیتی ہے 'چاہے اس کا مرتکب افراد سے کوئی سابقہ تعلق ہو یا نہ ہو۔'
انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ 'چوکس' رہیں، البتہ غیر ضروری طور پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار ڈینی شا کے مطابق یہ بات اہم ہے کہ پولیس نے اپنے بیان میں 'مشتبہ افراد' کہا ہے جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور ایک سے زیادہ افراد تھے اور پولیس ایک سے زیادہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'سکاٹ لینڈ یارڈ اور ایم آئی 5 میں یہ مفروضہ ہے کہ یہ حملہ کسی فردِ واحد کا کام نہیں ہے، اور ممکنہ طور پر دوسرے افراد کو حملہ آور کو بم رکھنے میں مدد دی یا اسے ایسا کرنے پر مائل کیا۔'