آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی جنگی جہاز کی تجارتی جہاز سے ٹکر، سات اہلکار لاپتہ
امریکہ کا جنگی بحری جہاز جاپان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے سات اہلکار لاپتہ ہیں۔
زخمیوں میں جہاز کے کمانڈنگ افسر بھی شامل ہیں جنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
امریکی بحریہ کا تباہ کن جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ سنیچر کو جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56 ناٹیکل میل یعنی 103 کلومیٹر دور اے سی ایکس کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے مقامی وقت کے مطابق صبح ڈھائی بجے ٹکرا گیا۔
تصاویر میں بظاہر یہ نظر آ رہا ہے کہ تباہ کن جنگی جہاز کے دائیں پہلو کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا ہے کہ کمانڈنگ افسر کے ساتھ دو دیگر جہاز رانوں کو 'زخموں کے علاج کے لیے ہیلی کاپٹر سے ہسپتال لے جایا گيا ہے‘۔
پہلے یہ کہا گيا تھا کہ یو ایس ایس فٹزجیرلڈ کے بعض حصے میں پانی گھس آیا ہے اور مجموعی نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی بتایا گيا تھا کہ 154 میٹر طویل جہاز یوکوسوکا کی جانب گامزن ہے۔
ٹوکیو سے ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ جس جگہ یہ ٹکر ہوئی ہے وہ انتہائي مصروف راستہ ہے جہاں سے جہاز ٹوکیو خلیج کی طرف آمدورفت کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی جہاز دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں سے ایک ہے اور اس کے پاس انتہائی جدید ریڈار نظام ہے۔ اور اب اس بارے میں بہت سے سوالات ہوں گے کہ آخر اس کے عملے اس ٹکر سے بچنے میں ناکام کیوں رہے۔
کوسٹ گارڈ نے کہا کہ اے سی ایکس کرسٹل کنٹینر جہاز پر فلپائن کا پرچم لہرا رہا تھا اور اس کا وزن 30 ہزار ٹن سے قدرے کم تھا لیکن یہ امریکی جنگی جہاز سے تین گنا وزنی تھا۔
جاپانی نشریات این ایچ کے کے مطابق اس حادثے میں تجارتی جہاز کو بہت کم نقصان ہوا ہے۔
سماجی رابطے پر جاری ایک بیان میں امریکی بحریہ کے آپریشن چیف ایڈمیرل جان ریچرڈسن نے کہا: 'مزید تفصیلات کے حصول پر ہم فٹزجیرلڈ کے اہل خانہ سے رابطہ کریں گے اور اگر مناسب ہوا تو عوام سے بھی شیئر کریں گے ۔۔۔ ابھی ہماری ساری توجہ فٹزجیرلڈ کے عملے اور ان کے اہل خانہ پر موکوز ہے۔'