آسٹریلیا میں 'ہر پانچواں شخص انتقامی پورن کا نشانہ بنتا ہے‘

انتقامی پورن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسروے کے نتائج میں انتقامی پورن کے مرتکبین میں مردوں کی زیادہ تعداد ہونے کی بات کہی گئی ہے

ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آسٹریلیا میں ہر پانچواں شخص 'انتقامی پورن' کا نشانہ بنتا ہے۔

قومی سطح پر کیے جانے والے ایک سروے میں 4200 افراد کو شامل کیا گیا تھا جس میں یہ معلوم ہوا کہ خواتین اور مرد دونوں ہی یکساں طور پر 'انتقامی پورن' کا شکار ہیں۔

آسٹریلیا میں اس موضوع پر کیے جانے والے اس پہلے جامع سروے میں پایا گیا کہ انتقامی کارروائی کے مرتکبین میں مردوں کی شمولیت کے امکانات زیادہ ہو سکتے ہیں جبکہ خواتین کو حفاظت کے متعلق زیادہ خدشات تھے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس سروے کے نتائج میں یہ پایا گیا کہ 'انتقامی پورن' کے شکار لوگوں کی تعداد اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔

آر ایم آئی ٹی اور موناش یونیورسٹی کے سروے میں حصہ لینے والے 20 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کی مرضی کے بغیر ان کی جنسی نوعیت کی یا برہنہ تصویر کھینچی گئی۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ 11 فیصد افراد کی تصاویر ان کی مرضی کے بغیر شیئر کی گئی جبکہ نو فیصد افراد کو یہ دھمکی دی گئی کہ ان کی تصویر کو سیئر کر دیا جائے گا۔

انتقامی پورن

،تصویر کا ذریعہURBAN DICTIONARY

،تصویر کا کیپشنانتقامی پورن کا ذکر پہلی بار فلموں میں نظر آيا پھر چند برس قبل فیس بک کے اقدامات سے اس پر سنجیدگی سے توجہ دی گئی

اقلیتی برادریوں بشمول دیسی اقلیتوں، معذوروں اور ہم جنس پرستوں کے انتقامی پورن کا شکار ہونے کے زیادہ خطرات ہیں۔

تحقیق کرنے والوں نے تصاویر پر مبنی جنسی استحصال کو وفاقی سطح پر جرم قرار دینے کی تجویز دی ہے۔ انھوں نے برطانیہ کی طرز پر اس بابت ایک ہیلپ لائن بنانے کی بھی تجویز دی ہے۔

اس سروے کے محققین کے سربراہ ڈاکٹر نکولا ہنری نے کہا کہ 'تصاویر پر مبنی ناجائز چیزیں ایک مسئلے کے طور پر اس قدر تیزی سے ابھری ہیں کہ ہمارے قانون اور پالیسیوں کو ناگزیر طور پر اس سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔‘

'یہ صرف انتقامی پورن کی بات نہیں۔ لوگوں کو قابو میں کرنے، ان کا استحصال اور ان کی تذلیل کرنے کے لیے تصاویر کا استعمال ہو رہا ہے اور یہ بات صرف رشتوں کے تلخ ہو جانے کے دائرے سے باہر چلا جاتا ہے۔'

آسٹریلیا میں صرف وکٹوریا اور جنوبی آسٹریلیا ہی ایسے صوبے ہیں جہاں بغیر رضامندی کے تصاویر مشترک کرنے کے متعلق مخصوص قوانین ہیں۔