آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
صدر ٹرمپ کی سفری پابندیاں، ایمریٹس پروازیں کم کرنے پر مجبور
دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن نے مشرق وسطیٰ کے مسافروں کے لیے نئے سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے آئندہ ماہ پانچ امریکی شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ نے آٹھ مسلمان ملکوں کے دس ایئر پورٹس سے مسافروں پر جبکہ برطانیہ نے چھ مسلمان ملکوں کےمسافروں پر دوران پرواز سمارٹ فون سے زیادہ بڑے برقی آلات اپنے ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی ہے۔
ایمریٹس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ امریکہ جانے والے مسافروں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے پروازیں کم کی جا رہی ہیں۔
ایمریٹس ایئر لائن کی ایک خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ' امریکی حکومت کی جانب سے ویزے کے اجرا، سکیورٹی میں اضافے اور کیبن میں الیکٹرانکس آلات لانے پر پابندی جیسے حالیہ اقدامات کی وجہ سے صارفین کی امریکی سفر میں دلچسپی اور طلب میں کمی آئی ہے۔'
ترجمان کے مطابق گذشتہ تین ماہ کے دوران تمام امریکی روٹس پر جانے والی پروازوں پر بکنگ میں قابل ذکر کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کے اعلانات کی وجہ سے امریکہ جانے والے مسافروں کی تعداد میں ایک تہائی کمی آئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایمریٹس نے امریکہ جانے والے مسافروں پر دوران پرواز لیپ ٹاپ کے استعمال پر پابندی سے نمٹنے کے لیے نئی سروسز کا آغاز کیا ہے جس میں پریمیئر سروس کے مسافروں کے لیے ٹیبلٹس کی سہولت اور جہاز کے گیٹ پر الیکٹرانکس آلات کے چیک ان کی سہولت دینا شامل ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں ہی ایمریٹس کی حریف ایئر لائن اتحاد نے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں امریکہ جانے والے مسافروں کی تعداد میں قابل ذکر کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ '
اتحاد ایئر امریکہ کے چھ شہروں کے لیے پروازیں چلاتی ہے جبکہ ایمریٹس نے 2004 میں امریکہ کے لیے پروازوں کا آغاز کیا تھا اور اس وقت 12 امریکی شہروں میں اس کی فلائٹس جاتی ہیں۔
ایمریٹس ایئر لائن کو امریکہ میں مقامی ایئر لائنز سے تنازع کا سامنا ہے کیونکہ امریکی ایئر لائنز کے مطابق ایمریٹس کو حکومت کی جانب سے سبسڈی ملتی ہے۔