اینجلینا جولی نام کی مکڑی؟

کیوبا کے رہنما فیدل کاسترو نے مرنے سے قبل منع کر دیا تھا کہ ان کے نام پر کسی یادگار کا نام نہ رکھا جائے۔ لیکن عام طور پر سیاست دانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ سڑکوں، عمارتوں اور دوسرے مقامات پر کسی نہ کسی طرح ان کے نام کی تختی لگ جائے۔

بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ منصوبے کا آغاز کوئی اور کرتا ہے اور اپنے نام کی تختی کوئی اور لگا جاتا ہے۔

تاہم اگر آپ کے نام کے ساتھ کسی عظیم یادگار کی بجائے کوئی انوکھی چیز منسوب کر دی جائے تو کیسا رہے گا؟

اینجلینا جولی کے نام پر مکڑی

کچھ ایسا ہی ہالی وڈ کی سپرسٹار اینجلینا جولی کے ساتھ ہوا، جن کے نام پر ایک قسم کی مکڑی کا نام رکھا گیا ہے۔ مکڑی کو دریافت کرنے والے سائنس دان نے کہا کہ انھوں نے اس مکڑی کا نام اینجلینا جولی کی پناہ گزینوں کے سلسلے میں خدمات کے اعتراف میں رکھا ہے۔

ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر عورتوں کے برعکس اینجلینا مکڑیوں سے نہیں ڈرتیں!

ملالہ یوسفزئی کے نام پر سیارچہ

ملالہ یوسفزئی نے دنیا کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو اپنی جدوجہد سے متاثر کیا ہے۔ انھی میں ماہرینِ فلکیات بھی شامل ہیں جنھوں نے مریخ اور مشتری کے درمیان گردش کرنے والے ایک سیارچے کا نام ملالہ کے نام پر رکھا ہے۔

2010 میں دریافت ہونے والے اس سیارچے کا حجم چار کلومیٹر ہے اور یہ سورج کے گرد ساڑھے پانچ برس میں ایک چکر مکمل کرتا ہے۔

ناسا کی ماہرِ فلکیات ڈاکٹر ایمی مینزر کہتی ہیں کہ 'میں نے ملالہ کی حیران کن کہانی کے بارے میں پڑھا اور سوچا کہ ان سے زیادہ کوئی شخص اس بات کا مستحق نہیں ہے کہ اس کے نام پر کسی سیارچے کا نام رکھا جائے۔'

انھوں نے برطانوی اخبار انڈی پینڈنٹ کو بتایا کہ بہت کم سیارچے ہیں جو کسی خاتون کے نام سے منسوب ہیں، اور ان میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بھی کم ہیں۔

سر اٹین برو کے نام پر بحری جہاز

ڈیوڈ اٹین برو مشہور صداکار ہیں جنھیں سر کا خطاب عطا کیا گیا ہے۔ تاہم اب ان کے لیے ایک اور اعزاز کی بات یہ ہے کہ ایک بحری جہاز کو ان سے منسوب کر دیا گیا ہے۔

یہ بحری جہاز قطبی علاقوں میں تحقیق کے لیے استعمال ہو گا۔

اٹین برو بی بی سی کی فطرت کے بارے میں دستاویزی فلموں کو پس پردہ آواز دینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

لیڈی گاگا کے نام پر پودا

جب کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو والدین بڑے چاؤ سے اس کا نام رکھتے ہیں۔ اسی طرح جب کوئی نیا پودا دریافت ہوتا ہے تو اسے بھی کوئی نہ کوئی نام بھی دینا پڑتا ہے۔

جب امریکہ کی نارتھ کیرولائنا یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ایک نئی قسم کا پودا دریافت کیا تو اس کا نام رکھنے کے لیے انھیں مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا کا نام سوجھا۔

وینگر کے نام پر سیارہ

آرسین وینگر برطانوی فٹبال کلب آرسنل کے کامیاب مینیجر ہیں، اس قدر کامیاب کہ ایک چھوٹے سیارے کا نام ان کے نام پر رکھ دیا گیا ہے۔

عام طور پر جو سائنس دان کوئی شے دریافت کرتا ہے، اسے حق ہوتا ہے کہ وہ اس کا نام تجویز کرے۔ اس کے بعد اس نام کو متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جاتا ہے جو اس کی منظوری کا فیصلہ کرتی ہے۔