سعودی اتحاد کا سیزفائر میں توسیع نہ کرنے کا اعلان

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ یمن میں اڑتالیس گھنٹوں کے سیزفائر میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

سعودی عرب نے سیزفائر میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سیزفائر کی مبینہ خلاف ورزیوں کو قرار دیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ پر جاری ہونےوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے اس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

سعودی عرب نے اڑتالیس گھنٹوں کے سیزفائر کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حوثی جنگجوؤں نے اس کی پاسداری کی تو اس میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

دو روزہ سیزفائر کے دوران دارالحکومت صنعا پرامن رہا لیکن تائیز شہر کے مضافات میں لڑائی جاری رہی۔

یمن میں گذشتہ بیس مہینوں سے جاری جنگ میں دس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

حوثی ملیشیا نے اتحادی افواج کے سیزفائر کے اعلان کو تسلیم کیا تھا لیکن اس کے خاتمے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ حوثی باغی یمنی حکومت کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور یمنی حکومت کی مدد سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فوج کر رہی ہے۔

اتحادی فوج یمن کے جلا وطن صدر عبدالرب منصور کی مدد کر رہی ہے اور اسے فضائی حملوں میں عام شہریوں کو ہلاک کرنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔