منشیات، پورن اور موت کے لیے ووٹ کیا

جب گذشتہ جون میں برطانیہ کو یورپی یونین ریفرینڈم میں ووٹ کرنا تھا تو لوگوں کو یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نکل جانے میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا۔

رواں ہفتے جب امریکہ میں انتخاب کا آغاز ہوا تو ووٹرز کو زیادہ لمبے عمل کا سامنا تھا۔

امریکیوں کو صرف ڈونلڈ ٹرمپ یا ہلیری کلنٹن کا انتخاب نہیں کرنا تھا بلکہ انھوں نے کئی معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنا تھا۔

انھیں ریاستی اقدامات کے طور پر جانا جاتا ہے اور یہ ہر ریاست میں ووٹنگ پیپرز پر مختلف ہوتے ہیں۔

ووٹرز کو 20 سے زائد اہم مسائل پر فیصلہ کرنا تھا۔ ٹیکساس میں ان کی تعداد 50 سے بھی زیادہ ہے۔

امریکہ بھر میں سزائے موت، منشیات کے قوانین، کم از کم تنخواہ اور کیا پورن فلموں کے اداکاروں کو فلموں میں کنڈوم پہننے چاہیے جیسے مسائل پر ووٹ ڈالنے تھے۔

ووٹنگ کے بعد ان معاملات کیا ہوا اور یہ چیزیں کئی ریاستوں میں کیسے تبدیل ہوں گی؟

اب بھنگ کی پیداوار اور استعمال قانونی ہوگا

امریکی ریاست کیلیفورنیا،میساچوسٹس اور نواڈا میں ووٹرز نے 21 سال سے زیادہ عمر والے ہر کسی کے لیے بھنگ کی پیداوار اور استعمال کو قانونی قرار دینے کے حق میں ووٹ ڈالا۔

شمالی ڈکوٹا اور آرکنساس نے بھی طبی استعمال کے لیے بھنگ کی اجازت دے دی ہے۔

سزائے موت برقرار

2015 میں قانون دانوں نے ریاست نیبراسکا میں سزائے موت ختم کرنے کے لیے ووٹ کیا تھا۔

ووٹرز نے اب اس فیصلے کو الٹنے کا انتخاب کیا ہے۔

ریاست اوکلاہوما جہاں 2014 میں سزائے موت کو معطل کر دیا تھا، وہاں اب لووگوں نے سزائے موت کو ’آئینی تحفظ‘ دینے کے حق میں ووٹ کیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ اب ریاستی عدالتوں کی جانب سے دی جانے والی سزا کو ’ظالمانہ اور غیرمعمولی‘ خیال نہیں کیا جا سکتا۔

کم تنخواہ والے ملازمین کو سب سے پہلے فائدہ

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ملازمت پیشہ طبقے اور کم آمدن والوں کو ووٹ ڈالنے کی جانب راغب کیا۔

ایریزونا، کولاراڈو اور مین کی ریاستوں میں ووٹرز نے آئندہ 2020 تک کم از کم تنخواہ 12 ڈالرز فی گھنٹہ اور واشنگٹن میں 13.50 ڈالر کرنے کے لیے ووٹ ڈالا۔

امریکی پورن فلموں میں اب کونڈم نہیں

امریکہ میں زیادہ تر پورن فلمیں کیلیفورنیا کے علاقے سان فرنینڈو میں بنتی ہیں۔

لیکن ووٹرز نے اپوزیشن 60 نامی مسودہ کو مسترد کر دیا ہے جس کے تحت پورن فلموں میں اداکاروں کے لیے کونڈم پہننا لازم تھا۔

اس حوالے سے پہلے ہی قانون موجود ہے لیکن اس پر ہمیشہ عمل نہیں ہوتا۔

لیکن اپوزیشن کے ناقدین کو ڈر تھا کہ اگر یہ اقدام منظور ہو گیا تو پورن کی صنعت کسی دوسری سمت چل پڑے گی۔

خودکشی میں مدد فراہم کرنا قانونی ہوگا

ریاست کولوراڈو میں ووٹرز نے اس منصوبے کے حق میں ووٹ دیا ہے جس کے تحت جو لوگ اپنی زندگی ختم کرنا چاہتے ہیں ان کو اس کی اجازت دی جائے۔ لیکن یہ تب ہو سکے گا جب دو ڈاکٹر اس کی اجازت دے دیں۔

لاعلاج بیماری میں مبتلا افراد جو ذہنی طور پر ٹھیک ہوں کو پہلے ہی اوریگون، مونٹانا، واشنگٹن اور ورمونٹ میں یہ حقوق حاصل ہیں۔

اسلحے کے قانون میں سختی

ڈونلڈ ٹرمپ امریکی شہریوں کے اسلحہ رکھنے کے قانون کے حامی رہے ہیں اور جب گذشتہ جون میں اورلینڈو کے پلس نائٹ کلب میں 49 افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد بچ سکتے تھے اگر ان کے پاس گن ہوتی۔

لیکن واشنگٹن میں ووٹرز نے اس ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا جس کے تحت عدالتیں بعض افراد سے یہ حق لے سکتی ہیں جن میں مجرم اور مقامی سطح پر تشدد میں ملوث افراد شامل ہیں۔

لاس اینجلس بے گھر افراد سے نمٹے

لاس اینجلس میں ووٹرز نے بے گھر افراد کے لیے شہر میں دس ہزار مکانات تعمیر کرنے اور ان افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے 1.2 بلین ڈالرز خرچنے کے منصوبے کو منظور کیا ہے جن کو اپنے گھر کھونے کا ڈر لاحق ہے۔

لاس اینجلس میں پراپرٹی مالکان اس منصوبے کے لیے فنڈ فراہم کریں گے۔