جمیکا ورلڈ کپ کے لیے تیار؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیا بھر میں جہاں ایک ارب سے زائد لوگ کرکٹ کا نواں عالمی کپ ٹی وی پر دیکھیں گے وہیں قریباً اسّی ہزار سے زائد شائقین یہ مقابلے دیکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز جا رہے ہیں۔ نو کیریبیئن جزائر میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے کئی سالوں سے تیاریاں کی جا رہی ہیں اوردیگر میزبان شہروں کی طرح جمیکا کے شہر کنگسٹن میں بھی تیاریوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ شہر کی بہت سی گلیاں اب بھی زیرِ تعمیر ہیں اور اس کے نتیجے میں سڑکوں پر اس ہجوم میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جو کنگسٹن کی خاص نشانی ہے۔ شہر کے میئر ڈیسمنڈ میکنزی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاری بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا’جب یہ کام شروع ہوا تو ہمیں اس کی اصل اہمیت کا اندازہ نہیں تھا۔ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے جس کے حوالے سے بہت سا کام درکار تھا۔ تاہم اب ہم آخرِ کار مسائل پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں اور اب آگے بڑھ رہے ہیں۔ کنگسٹن کے سبائنا پارک میں دو سو برس سے کرکٹ کھیلی جا رہی ہے۔ اس میدان میں ہونے والے ترقیاتی کام صاف نظر آتے ہیں۔ کنگسٹن کرکٹ کلب کی لکڑی کی پرانی عمارت حال ہی میں تعمیر کیے جانے والے نئے سٹینڈز اور نئی نویلی پچ کے سامنے دب سی گئی ہے۔
سبائنا پارک کے مینیجر ڈینزل ولکس کے مطابق شائقین اس میدان پر فراہم کی جانے والی سہولیات سے یقیناً متاثر ہوں گے۔ اس میدان پر پندرہ ملین پاؤنڈز لاگت آئی ہے اور تبدیلیوں کے بعد اب اس گراؤنڈ میں بیس ہزار کے قریب شائقین میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ڈینزل ولکس کا کہنا تھا’ ہمیں یہ یقین ہے کہ کریبیئن میں یہ ایک پریمیم کرکٹ گراؤنڈ ہے۔ اس کے تمام سٹینڈ مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ چھوٹے چھوٹے کام باقی ہیں۔ ہم نے اس میدان میں سہولیات کا نیا معیار متعارف کروایا ہے‘۔ ابھی ورلڈ کپ شروع بھی نہیں ہوا لیکن کنگسٹن کے ڈالاس سٹرائکرز کرکٹ کلب کے رکن لڑکے اور لڑکیاں اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ تاہم میدان میں داخلے کے مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے وہ شاید یہ میچ سٹیڈیم میں جا کر نہ دیکھ سکیں۔ کلب کے صدر لینارڈ ہگنز کے مطابق’حکام کو بچوں کے لیے خصوصی سیٹیں مختص کرنا چاہییں تھیں تاکہ نہ صرف وہ کھلاڑیوں کو نزدیک سے کھیلتا دیکھیں بلکہ کھیل کی روح کو بھی محسوس کر سکیں‘۔ اپنے طور پر تو جمیکا ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے جبکہ دیگر کیریبئن ممالک کے حکام کا بھی یہی کہنا ہے کہ ضروری سہولیات مکمل ہیں ہاں کچھ چھوٹا موٹا کام ضرور ہو رہا ہے۔ | اسی بارے میں افتتاح گیری سوبرز کریں گے03 March, 2007 | کھیل انڈین ٹیم کے لیے کمانڈوز جائیں گے02 March, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||