ہملٹن: نیوزی لینڈ کا وائٹ واش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیپل۔ہیڈلی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں میتھیو ہیڈن کی شاندار اننگز بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا سکی اور نیوزی لینڈ نے میچ ایک وکٹ سے جیت کر سیریز میں تین۔صفر سے فتح حاصل کر لی۔ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دس جبکہ دوسرے میں پانچ وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔یہ ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی لگاتار پانچویں جبکہ گزشتہ سات میچوں میں چھٹی شکست ہے۔ ہملٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 347 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے کریگ میکملن کی شاندار سنچری کی بدولت پچاسویں اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور اوپنر میتھیو ہیڈن اور شین واٹسن نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان 122 رن کی شراکت ہوئی۔ واٹسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 68 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میھتیو ہیڈن نے 181 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں گیارہ چوکے اور دس چھکے لگائے۔ یہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی آسٹریلوی کھلاڑی کا سب سے بڑا سکور ہے۔ ہیڈن صرف تیرہ رن کی کمی سے سعید انور کا ایک روزہ کرکٹ میں 194 رنز کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
347 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اکتالیس کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ تاہم اس کے بعد کریگ میکملن اور برینڈن مکیلم کے درمیان 165 رنز کی شراکت نے کیوی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ میکملن نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف67 گیندوں پر سنچری بنائی۔ یہ نیوزی لینڈ کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ون ڈے میچوں میں بنائی جانے والی تیز ترین سنچری ہے۔ میکملن 96 گیندوں پر 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ کے لیے شین بونڈ اور ڈینیئل ویٹوری کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جبکہ آسٹریلیا نے گلین میگراتھ کو آرام دیا۔ اس میچ میں آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن زخمی بھی ہوگئے جس کی وجہ سے عالمی کپ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کی تیاریوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ اس سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئی تھی اور پہلا مقام جنوبی افریقہ نے حاصل کر لیا تھا۔ | اسی بارے میں آسٹریلیا کی ایک اور شکست18 February, 2007 | کھیل آسٹریلیا کو دس وکٹوں سے شکست16 February, 2007 | کھیل میتھیو ہیڈن کا انگوٹھا ٹوٹ گیا20 February, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||