آسٹریلیا کی ایک اور شکست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیپل۔ہیڈلی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ یہ ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی لگاتار چوتھی جبکہ گزشتہ چھ میچوں میں پانچویں شکست ہے۔ اس شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں بھی دوسرے نمبر پر آ گئی ہے اور پہلی پوزیشن جنوبی افریقہ نے حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 337 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا جو اس نے انچاسویں اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آک لینڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ آسٹریلیا کا اغاز اچھا نہ تھا اور باون کے مجموعی سکور پر اس کے دونوں اوپنر پویلین میں واپس جا چکے تھے تاہم بعد ازاں کپتان مائیکل ہسی کی شاندار سنچری اور بریڈ ہوج کے عمدہ ستانوے رنز کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوور میں 336 رنز بنائے۔ مائیکل ہسی نے چوراسی گیندوں پر ایک سو پانچ رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بونڈ، گلسپی ویٹوری اور میکملن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے بالر ٹفی کو دس اوور میں اسّی رن پڑے اور وہ کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کر سکے۔ کیوی اوپنر بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے تاہم تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی راس ٹیلر نے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جیت کی بنیاد رکھی جبکہ بعد ازاں فلٹن نے 76 اور میکملن نے 52 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتحیاب کیا۔ آسٹریلوی بالروں میں شین واٹسن نے اٹھاون رن کے عوض تین جبکہ ناتھن بریکن نے چھیاسٹھ رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دس وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ | اسی بارے میں آسٹریلیا کو دس وکٹوں سے شکست16 February, 2007 | کھیل سڈنی میں انگلینڈ کی تاریخی فتح11 February, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||