کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل دلّی میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سنہ دو ہزارگیارہ میں ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل بھارتی دارالحکومت دلی میں کھیلا جائےگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کے لیئے دلی میں ایک نیا سٹیڈیم تعمیر کیا جائےگا۔ کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نرنجن شاہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ فائنل میچ دلی میں ہونا طے ہوگیا ہے اور اس کے لیئے نئے سٹیڈیم کی تعمیر جلد ہی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ’ کرکٹ بورڈ سٹیڈیم تعمیر کرے گا اور ہمیں اس کے لیئے ابھی زمین خریدنی ہے‘۔ نرنجن شاہ کا کہنا تھا کہ بورڈ نے زمین کے لیئے دلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بات چیت کی ہے اور دو ہزار گیارہ تک ایک مناسب جگہ پر بین الاقوامی معیار کا سٹیڈیم تیار ہوگا۔ بورڈ کے نائب صدر للت مودی نے بتایا کہ سٹیڈیم کی تعمیر اسی برس شروع کر دی جائےگي اور ’یہ ایک عالمی معیار کا سٹیڈیم ہوگا‘۔ انڈیا کے بہترین کرکٹ گراؤنڈ ممبئی، چندی گڑھ اور کولکتہ میں ہیں لیکن ورلڈ کپ کے فائنل کے مقابلے کی میزبانی دلی کو دی گئی ہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے لیئے دلی میں نہرو سٹیڈیم اور فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ ہیں لیکن ٹیسٹ میچ صرف کوٹلہ گراؤنڈ پرکھیلے جاتے ہیں جو دلی کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت ہے۔
للت مودی کا کہنا تھا کہ اس بات پر اتفاق ہو چکا ہے کہ ورلڈ کپ کے دو سیمی فائنل میچ سری لنکا اور پاکستان میں ہوں گے جبکہ فائنل انڈیا میں کھیلا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب بنگلہ دیش میں ہوگی۔ ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ کے ٹورنامنٹ میں کل ترّپن میچ ہوں گے اور فائنل سمیت بائیس میچ بھارت میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایک، ایک سیمی فائنل سمیت پاکستان میں سولہ اور سری لنکا میں نو میچ ہوں گے۔ بنگلہ دیش میں صرف چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ | اسی بارے میں 2011 کا ورلڈکپ فائنل انڈیا میں08 July, 2006 | کھیل 2011 کا عالمی کپ ایشیا میں30 April, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||