انگلینڈ چار سو سات پر آؤٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کی ٹیم کھیل کے ختم ہونے پر چار سو سات رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی اننگز میں فلنٹاف، ٹریسکوتھک، پیٹرسن اور اینڈریو سٹراس نمایاں رہے۔ ٹریسکوتھک نے نوے، پیٹرسن نے اکہتر، فلنٹاف نے اڑسٹھ اور سٹراس نے اڑتالیس رن بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے شین وان نے پچیس عشاریہ دو اوور میں ایک سو سولہ رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیسپروچ نے تین، گلپسی نے دو اور بریٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بریٹ لی نے ایک سو گیارہ رن دئے اور انہوں نے انگلینڈ کے خطرناک بلے باز پیٹرسن کی وکٹ حاصل کی۔ ٹریسکوتھک، فلنٹاف اور پیٹرسن نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ ٹریسکوتھک نے اپنی اننگز میں پندرہ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ جبکہ فلنٹاف نے پانچ چھکے اور چھ چوکے اور پٹرسن نے دس چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اینڈریو سٹراس کی اڑتالیس رنز کی اننگز میں بھی دس چوکے شامل تھے۔ اس میچ میں آسٹریلیا کے مایہ ناز بالر میگرا کی عدم موجودگی کےباوجود آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ میگرا کی کمی شروع ہی سے محسوس ہونے لگی اور کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے ستائیس اوور کیے جن میں انہوں نے ایک سو بتیس رن دئے اور وہ صرف اوپنر اینڈریو سٹراس کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد اور چائے کے وقفے سے پہلے آسٹریلیا نے ستائیس اوور ہی کئے جن میں انہوں نے ایک سو ستاون رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کھانے کے وقفے سے ذرا پہلے اینڈریوسٹراس اڑتالیس رن بنانے کے بعد شین وان کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہو گئے۔ چائے کے وقفے اور کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کی باقی وکٹیں گر گئیں۔ انگلینڈ نے پہلے دن پانچ رن فی اوور کی اوسط سے رن بنائے۔ کھانے کے وقفے کے بعد انگلینڈ کے تین کھلاڑی ٹریسکوتھک نوے رن بنا کر، وان چوبیس رن بنا کر اور بیل چھ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ تاہم اس کے بعد فلنٹاف اور پیٹرسن کے درمیان ایک شاندار شراکت ہوئی۔
میگرا کومیچ سے قبل ایڑھی میں چوٹ لگ جانے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ میگرا کی تباہ کن بالنگ کی وجہ سے آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشز سیریز کے پہلے میچ میں شکست سے دوچار کر دیا تھا۔ میگرا آج صبح ورزش کے سیشن کے دوران اچانک زمین پر بیٹھ گئے جب ان کا پیر ایک گیند پر پڑنے سے مڑ گیا اور ان کی ایڑھی میں شدید چوٹ آئی۔ آسٹریلیا ٹیم کے معالج ایرول ایلکوٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ میگرا بہت تکلیف میں تھے اور حرکت بھی نہیں کر پا رہے تھے۔ انہیں ایک موٹر بگھی پر بٹھا کر میدان سے باہر لیے جایا گیا۔ میگرا کو فوری طور پر ایکسرے اور معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔ آسٹریلوی ٹیم: لینگر، ہیڈن، پونٹنگ، مارٹن، کلارک، کیٹچ، گلکرسٹ، شین وان، بریٹ لی، گلپسی اور کیسپروچ۔ انگلینڈ ٹیم: ٹریسکوتھک، سٹراس، وان، بیل، پیٹرسن، فلنٹاف، گیرڈ جانز، جائلز، ہوگارڈ، ہارمیسن، اور ایس پی جونر۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||