سری لنکا کی پچاس رنز سے جیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلے جانے والے سہ فریقی سیریز کے ایک میچ میں سری لنکا نے مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو پچاس رنز سے شکست دے دی ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مارون اتاپتو اور کمارا سنگاکارا کی شاندار بلے بازی کی مدد سے سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 242 رن کا ہدف دیا تھا۔ جس کے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 191 رن پر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے سمتھ، رامدین، اور دیونارائن کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور سارے کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ سمتھ نے 68، رامدین نے 29 اور دیونارائن نے 23 رنز بنائے۔ کپتان چندرپال صرف 14 رنز بنا کر دلہارا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی طرف سے فرویز محاروف نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں نو رن دے کر تین وکٹ لیے جبکہ دلہارا اور مرلی دھرن نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ باقی تین وکٹ فرنیندو، چندنا اور دلشن کے حصے میں آئے۔ اس طرح 45.1 اوورز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز چھ وکٹ کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے جس میں سنگاکارا کے 79 اور کپتان اتاپتو کے 70 رنز شامل تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 11 کے سکور پر ہی گر گئی تھی لیکن اس کے بعد اتاپتو اور سنگاکارا نے 138 رنز کی ایک شاندار پارٹنرشپ بنائی اور سکور کو 149 پر پہنچا دیا۔ سری لنکا کے باقی کھلاڑی سکور میں صرف 92 رنز کا اضافہ کر سکے اور اس طرح سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں 241 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے بٹلر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس اوور میں صرف پچیس رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ دیو نرائن نے پچپن رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی ٹیم: ایک ایس اتاپتو، ڈی جے وردنے، یو تھارنگا، سی سنگاکارا، ٹی ایم دلشن، پی آرنلڈ، یو چندنا، ایم مرلی دھرن، ڈی فرنینڈو، ایف محروف، ڈی دلہارا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم: ایس چندرپال، ڈی رامدین، ایم مارشل، آر رامداس، سی جوزف، سی بٹلر، ایل پاول، این دیونارائن، ٹی ایل بیسٹ اور سی لاسن۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||