یوسف یوحنا کی گاڑی پر حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی قومی ٹیم کے کھلاڑی یوسف یوحنا کی کار پر لاہور میں چند نوجوانوں نے حملہ کر کے ان کیا کار کے شیشے توڑ ڈالے پولیس نے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا تاہم بعد میں صلح صفائی ہوجانے پر چھوڑ دیا گیا۔ یوسف یوحنا اپنے والد کی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس آچکے ہیں۔ ان کے والد لاہور میں چھاؤنی کے علاقے میں ایک کلینک میں زیر علاج ہیں جمعرات کو یوسف یوحنا ان کی تیمار داری کے سلسلے میں کیولری گراؤنڈ آئے ہوئے تھے اس دوران چند نوجوانوں نے ان کی کار پر پتھراؤ کیا جس سے ان کی کار کی ونڈ سکرین اور دوسرے شیشے ٹوٹ گئے۔ یوسف یوحنا کار سے اترے اور ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی، یوسف یوحنا کی ٹیلی فون کال پر پولیس چار لڑکوں کو پکڑ کر تھانے لے گئی۔ تھانہ جنوبی چھاؤنی کے ڈیوٹی افسر رب نواز کا کہنا ہے کہ لڑکوں کے والدین نے تھانے آکر یوسف یوحنا سے معذرت کی جس کے بعد معاملہ ختم ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لڑکوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے محض شرارت کی غرض سے یہ حرکت کی تھی۔ پاکستان میں کرکٹ اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کو عام طور اسی قسم کے رد عمل کا سامنا کرنا پڑ تا ہے اور کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں پرستاروں کا ستائش کا ایک یہ بھی انداز ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||