BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 26 March, 2005, 11:58 GMT 16:58 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بھارتی ٹیم فالوآن سے بچ گئی

وریندر سہواگ
وریندر سہواگ کی پاکستان کے خلاف بہت بہتر اوسط ہے
وریندر سہواگ کی شاندار ڈبل سنچری نے بنگلور ٹیسٹ میں بھارت کو فالوآن سے بچا لیا۔ تیسرے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 379 رنز بنائے تھے۔ وی وی ایس لکشمن سیریز میں دوسری نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے51 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان کو اب بھی 191 رنز کی برتری حاصل ہے۔


وریندر سہواگ اس سیریز میں پاکستانی بولنگ پر مکمل حاوی دکھائی دیئے ہیں لیکن قسمت بھی ان کا ساتھ دے رہی ہے۔ موہالی ٹیسٹ میں توفیق عمر کے ہاتھوں 15 رنز پر ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے173 رنز بناڈالے تھے۔ بنگلور ٹیسٹ میں انہوں نے43 رنز پر عاصم کمال کے ہاتھوں بچ نکلنے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پاکستان کے خلاف تیسری اور 34 ویں ٹیسٹ میں10 ویں سنچری اسکور کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گـزشتہ سال ملتان ٹیسٹ میں بھی ان کے پانچ کیچز ڈراپ ہوئے تھے جس کے نتیجے میں انہوں نے309 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو کسی بھی بھارتی بیٹسمین کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔

گوتم گمبھیر24 رنز بناکر محمد سمیع کی گیند پر سلپ میں یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو بھارت کا اسکور98 رنز تھا۔

راہول ڈراوڈ سہواگ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے 74 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد22 کے انفرادی اسکور پر دانش کنیریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سچن تندولکر کے لئے ریکارڈ 35 ویں سنچری کا انتظار طویل ہوتا جا رہا ہے۔ سات چوکوں کی مدد سے41 رنز بنانے کے بعد وہ شاہد آفریدی کی گیند کو آن سائیڈ پر کھیلنے کی ناکام کوشش میں بیک ورڈ پوائنٹ پر یونس خان کےہاتھوں کیچ ہوگئے۔ سہواگ کے ساتھ ان کی شراکت85 رنز کی رہی۔

سہواگ کو وی وی ایس لکشمن کی صورت میں بھی ایک قابل اعتماد پارٹنر ملا جن کے ساتھ انہوں نے80 رنز کا اضافہ کیا۔

سہواگ کی شاندار اننگز کا خاتمہ دانش کنیریا نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے کیا۔ بھارت کے اسوقت تک کے کل اسکور337 میں صرف سہواگ کے201 رنز اور28 چوکوں اور دو چھکوں سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ پاکستانی بولنگ پر کتنے حاوی رہے۔

کپتان سوروگنگولی ایک بار پھر قابل ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ انہیں صرف ایک رن پر کنیریا نے اپنی گگلی کے ذریعے کامران اکمل کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرا دیا۔

دنیش کارتھک اور لکشمن کی موجودگی میں بھارتی ٹیم فالوآن کے خطرے سے نکل گئی لیکن کارتھک 10 رنز بناکر محمد سمیع کی گیند پر گلی میں عاصم کمال کے ہاتھوں خوبصورتی سے دبوچے گئے۔

پاکستانی بولرز میں دانش کنیریا تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے محمد سمیع کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ اکیاون ماہ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے ارشد خان پہلی کامیابی کے منتظر رہے۔

بنگلور ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں یہ ہیں:

پاکستان: انضمام الحق ( کپتان )، یاسرحمید، شاہد آفریدی، یونس خان، یوسف یوحنا، عاصم کمال، عبدالرزاق، کامران اکمل، محمد سمیع، ارشد خان اور دانش کنیریا۔

بھارت: سوروگنگولی( کپتان)، گوتم گمبھیر، وریندرسہواگ، راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن، دنیش کارتھک، عرفان پٹھان، بالاجی، انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ۔

امپائرز: آسٹریلیا کے سائمن ٹافل اور نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن ہیں۔
میچ ریفری انگلینڈ کے کرس براڈ ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد