راشد اور معین کا باب ختم؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اس ماہ شروع ہونے والے دورہِ آسٹریلیا کے لئے25 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ معین خان آؤٹ آف فارم اور راشد لطیف فارم میں ہونے کے باوجود کپتان کا اعتماد نہ ہونے کے سبب ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔ تین نئے کھلاڑی عامربشیر، اشعر زیدی اور محمد خلیل فہرست میں شامل ہیں جنہیں ابھی تک پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں مل سکا ہے۔ عامر بشیر ڈومیسٹک کرکٹ کی شاندار پرفارمنس پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی پلاٹینم جوبلی کے میچ کے لئے بھارت گئی ٹیم میں شامل تھے لیکن انہیں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ محمد خلیل بنگلہ دیش کے خلاف ملتان ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم میں شامل تھے لیکن ان کی جگہ یاسرعلی کو ٹیسٹ کیپ دی گئی تھی۔ اشعرزیدی پہلی مرتبہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فیصل اطہر گزشتہ سال سری لنکا میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے۔ چیف سلیکٹر وسیم باری نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی20 اور21 نومبر کو فٹنس ٹیسٹ دینگے جن کی نگرانی کوچ باب وولمر ٹرینر مرے اسٹیونسن اور فزیو تھراپسٹ ڈیرن لفسن کرینگے جن کی روشنی میں سلیکشن کمیٹی23 یا24 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے کے لئے حتمی ٹیم منتخب کرے گی۔ چیف سلیکٹر وسیم باری کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ وکٹ کیپنگ کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ کپتان انضمام الحق اور کوچ باب وولمر کامران اکمل سے مطمئن ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ممکنہ کھلاڑیوں میں صرف ایک وکٹ کیپر کامران اکمل کو رکھاگیا ہے جبکہ آسٹریلیا کا دورہ خاصا طویل ہے جس میں پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔ دورہِ آسٹریلیا کے لئے اعلان کردہ کھلاڑی یہ ہیں۔ انضمام الحق، سلمان بٹ، توفیق عمر، شعیب ملک، یوسف یوحنا، عبدالرزاق، کامران اکمل، دانش کنیریا، شبیراحمد، شعیب اختر، عاصم کمال، عامربشیر، محمد سمیع، رانا نویدالحسن، یاسرحمید، عمران فرحت، شاہدآفریدی، ریاض آفریدی، بازیدخان، مصباح الحق، فیصل اقبال، اشعرزیدی، یونس خان، فیصل اطہر اور محمد خلیل۔ سلیکشن کمیٹی نے چھ فاسٹ بولرز کا بھی انتخاب کیا ہے جن کی کارکردگی کا کوچ باب وولمر جائزہ لینگے ان بولرز میں وسیم خان، ارشاد، راؤ افتخار، محمد آصف، یاسرعلی اور عبدالرؤف شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||