پاکستان کینیا میچ بارش کی نذر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور کینیا کے درمیان ایجبسٹن میں ہونے والا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے بدھ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ رات گئے ہونے والی بارش کی وجہ سے بالروں کے رن اپ پر پھسلن تھی اور ایمپائروں نے مقررہ وقت سے تیس منٹ قبل میچ کو ایک دن کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے کہا تھا کہ کینیا کہ خلاف میچ کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس میں تمام اہم کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میچ ٹورنامنٹ کا حصہ ہے اور بہت اہم ہے۔ پاکستان نے ہالینڈ میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے باوجود حالیہ میچوں میں اچھی فارم کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں صرف تین کھلاڑی انضمام الحق، یوسف یوحنا اور معین خان تیس سال سے زیادہ عمر کے ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ تمام کھلاڑی میچ کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔ پاکستان کینیا سے کبھی نہیں ہارا اور اب وہ آئندہ ہفتے بھارت کے خلاف ایک اہم میچ سے پہلے بڑی کامیابی حاصل کرنا چاہے گا۔ دوسری طرف کینیا کے کپتان زیادہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے مواقع نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ کینیا سن دو ہزار تین میں ہونے والے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔ لیکن اس کے بعد کینیا کے کھلاڑی زیادہ کرکٹ نہیں کھیل سکے۔ گزشتہ ہفتے بھارت کے خلاف میچ کینیا کا گزشتہ سترہ ماہ میں ہونے والا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||