ایتھنز ہوٹل: ہڑتال کی دھمکی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یونان میں اگلے ماہ ہونے والے اولیمپکس سے پہلے ایتھنز کے ہوٹلوں میں کام کرنے والے ارکان نے کھیلوں کے دوران ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے۔ لگ بھگ سات ہزار ہوٹل ملازموں کی نمائندگی کرنے والی یونین کا کہنا ہے کہ یہ ارکان اپنی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ خاص اولیمپک بونس بھی چاہتے ہیں۔ یونین نے بدھ سے چار دن تک چلنے والی ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ اگر ہوٹلوں نے ان کی مانگیں پوری نہیں کی تو وہ مزید کارروائی کریں گے۔ ایتھنز میں اولمپکس کی وجہ سے کئی کارکنوں نے اپنی مانگیں پوری نہ ہونے پر ہڑتال کی دھمکیاں دی ہیں۔ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ اولمپکس کی وجہ سے ان کی مانگیں پوری ہونے کے امکان زیادہ ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا کہ ان حالات کی ذمہ داری کسی حد تک حکومت کی بھی ہے۔ حکومت نے اولمپکس کے دوران کام کرنے والے حفاظتی دستوں کو بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس وجہ سے کئی دوسرے ارکان بھی، جو اولیمپکس کی وجہ سے کام کر رہے ہیں، مزید معاوضے کی مانگ کر رہے ہیں۔ ہوٹل مالکوں کی تنظیم ہڑتال کی دھمکی پر زیادہ دھیان نہیں دے رہی۔ اس کا کہنا ہے کہ ہڑتال سے زیادہ فرق نہیں پڑےگا کیونکہ آج کل ہوٹلوں میں زیادہ لوگ نہیں ٹھہرے ہوئے۔ مگر یہ بات صاف ہے کہ اولمپکس کے دوران حالات مختلف ہونگے۔ اولمپکس 13 اگست کو شروع ہونے والے ہیں اور امکان ہے کہ لاکھوں لوگ کھیلوں کی وجہ سے ایتھنز آئیں گے اور ہوٹل پوری طرح سے بھر جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||