وولمر کی میانداد سے ملاقات | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر نے منگل کی شب سابق کوچ جاوید میانداد سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات لاہور میں جاوید میانداد کے گھر پر ہوئی۔ باب وولمر اپنے میزبان کی پرتکلف دعوت سے بہت خوش دکھائی دیتے تھے۔ ملاقات میں دونوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے ضمن میں کھل کر بات کی۔ باب وولمر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاویدمیانداد کو ہٹا کر کوچ مقرر کیا ہے۔ آٹھ سال میں پاکستان ٹیم کے کوچ کی یہ گیارہویں تبدیلی ہے۔ باب وولمر نے کوچ مقرر کیے جانے پر اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ ٹیم کی بہتری کے لیے جاوید میانداد جیسے تجربہ کار اور ورلڈ کلاس بیٹسمین کی رہنمائی کے متمنی ہیں۔ جاوید میانداد نے باب وولمر کی خواہش پر ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا لیکن منگل کو ان دونوں کے درمیان ہونے والی خوشگوار ملاقات کے بعد یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں میانداد باب وولمر کے ساتھ تعاون کرنے میں پس و پیش سے کام نہیں لیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے ہٹانے کے بعد جاوید میانداد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکیڈمی کی کوچنگ کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے ٹھکرادیا تھا۔ باب وولمر جمعرات کو کیپ ٹاؤن جارہے ہیں جہاں انہیں آئی سی سی کی کوچنگ سے متعلق کانفرنس میں شرکت کرنی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے قبل وہ آئی سی سی کے ہائی پرفارمنس منیجر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ وولمر سری لنکا میں ٹیم کے ساتھ جائیں گے ۔چیف سلیکٹر وسیم باری کے مطابق ایشیا کپ کے لیے14 رکنی پاکستان ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ان فٹ عمر گل کی جگہ ٹیم میں نئے بولر ریاض آفریدی کو موقع دیا جائے گا۔ اوپنر محمد حفیظ کی بھی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||