باب وولمر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں اسوقت پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے ۔ باب وولمر ہفتے سے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیں گے وہ کپتان انضمام الحق اور منیجر ہارون رشید کے علاوہ چیف سلیکٹر وسیم باری سے بھی ملاقات میں ایشیا کپ کے لئے حکمت عملی پر بات کرینگے اسی روز وہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کے روبرو ہونگے ۔ 56 سالہ باب وولمر کو جاوید میانداد کی جگہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔ میانداد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپریل 2005 تک کوچ مقرر کیا تھا لیکن ٹیم کو عصرحاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے باب وولمر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ باب وولمر نے پاکستان آنے سے قبل لندن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اورچیف ایگزیکٹیو رمیزراجہ سے تفصیلی ملاقات کی جس میں مستقبل کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرشعیب اختر بھی ہفتے کو کوچ باب وولمر کی یقین دہانی کے بعد کیمپ میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ |