| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت نے میچ ڈرا کیا
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان برسبین میں کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔ بارش سے متاثر ہونے والے اس میچ میں آخری دو روز دلچسپ کھیل ہوا اور دونوں ٹیموں کو باری باری برتری حاصل ہوئی۔ آخری روز آسٹریلیا کے سٹار بیٹسمین میتھِو ہیئڈن نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے صرف اٹھانوے گیندوں پر ننانوے رن بنائے۔ انہوں نے اس اننگز کے ساتھ ہی لگاتار تیسرے سال ٹیسٹ میچوں میں ایک ہزار رن مکمل کئے۔ بھارت کو پہلی اننگز میں آسٹریلیا پر چھیاسی رن کی برتری حاصل ہوئی تھی تاہم آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں صرف تین کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو چوراسی رن پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارت کی دوسری اننگز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور نیتھن بریکن نے مسلسل گیندوں پر بھارت کے دو کھلاڑی آؤٹ کر دئے۔ تاہم اس کے بعد راہول ڈراوڈ اور لکشمن آخری وقت تک وکٹ پر رہے۔ اس وقت بھارت کا سکور تہتر رن تھا۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ہیئڈن کے علاوہ رکی پونٹنگ، کپتان سٹیو واء اور ڈیمیئن مارٹن نے نصف سنچریاں بنائیں۔ بھارت کی طرف سے پہلی اننگز میں کپتان گانگولی نے شاندار سینچری بنائی تھی۔ آخری سکور یوں رہے: آسٹریلیا پہلی اننگز: تین سو تئیس آل آؤٹ، ڈیمیئن مارٹن ایک سو اکیس بھارت پہلی اننگز: چار سو نو آل آؤٹ، سوروگانگولی ایک سو چوالیس آسٹریلیا دوسری اننگز: تین وکٹ پر دو سو چوراسی، میتھِو ہیئڈن ننانوے بھارت دوسری اننگز: دو وکٹ پر تہتر |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||