پاکستان کی کامیابی، عماد وسیم کی 5 وکٹیں

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
ٹی ٹوئنٹی کی فاتح عالم ویسٹ انڈیز عماد وسیم کے سپن جال میں پھنس کر پاکستان کے خلاف دبئی میں پہلا ٹوئنٹی انٹرنیشنل 9 وکٹوں سے ہارگئی۔
عماد وسیم نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 14 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی اسپنر نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان سے قبل فاسٹ بولر عمرگل کو دو مواقعوں پر پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک مرحلے پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے دوچار دکھائی دے رہی تھی لیکن ڈوئن براوو اور جیروم ٹیلر نے نویں وکٹ کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی شراکت قائم کرکے ویسٹ انڈیز کا اسکور 115 تک پہنچادیا۔
پاکستان نے 116 رنز کا ہدف 15ویں ویں اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔
کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پہلے ہی اوور میں عماد وسیم نے ایون لوئس کو آؤٹ کردیا۔
عماد وسیم نے اپنے دوسرے اوور میں فلیچر اور مارلن سیمیولز کی وکٹیں حاصل کرکے ویسٹ انڈیز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
محمد نواز نے اپنے پہلے اوور میں چارلس کو آؤٹ کیا تو دوسری جانب حسن علی نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے نکولس پورن کو پویلین کی راہ دکھادی۔
عماد وسیم اپنے چوتھے اوور میں دو مزید وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔انہوں نے پہلے کیون پولارڈ کو بولڈ کیا اور پھر کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کو خالد لطیف کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
کارلوس بریتھ ویٹ نے اسی سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو لگاتار چار چھکے لگاکر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی لیکن اس بار وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ اڑتالیس رنز پر گری تو اسوقت ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی میں اپنے سب سے کم اسکور کا ریکارڈ توڑدے گی جو زمبابوے کے خلاف سات وکٹوں پر 79 رنز تھا لیکن براوو اور جیروم ٹیلر نے چھیاسٹھ رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کردی۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت تریسٹھ رنز کی تھی جو اسی دبئی اسٹیڈیم میں پاکستان کے سہیل تنویر اور سعید اجمل نے سری لنکا کے خلاف قائم کی تھی۔
براوو اور ٹیلر اننگز کے آخری اوور میں سہیل تنویر کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے لیکن وہ اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے اسکور بورڈ پر اپنی ٹیم کے اسکور کے تین ہندسے سجاچکے تھے ۔
براوو نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے چون گیندوں پر پچپن رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز شرجیل خان نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کیا۔ وہ تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بناکر اسلام آباد یونائٹڈ کے اپنے ساتھی سیموئل بدری کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے بعد خالد لطیف اور بابراعظم نے اعتماد سے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔
بابراعظم نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے پچپن رنز اسکور کیے جو ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔
خالد لطیف ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے چونتیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں نے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔
سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہفتے کی شب اسی دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



