امریکی کمپنی کا ’فارمولا ون‘ خریدنے کا فیصلہ

کار ریسنگ کمپنیوں میں عالمی سطح پر فارمولا ون بہترین کمپنیوں میں ایک ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکار ریسنگ کمپنیوں میں عالمی سطح پر فارمولا ون بہترین کمپنیوں میں ایک ہے

امریکہ کی معروف میڈیا کمپنی لبرٹی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ وہ کار ریسنگ بزنس فارمولا ون کو چار ارب 40 کروڑ ڈالر میں خرید رہی ہے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی کمپنی کی ملکیت سے متعلق تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔

اس سودے کے بعد بھی برنی ایکلیسٹن ہی فارمولا ون کے چیف ایگزیکیٹو کے عہدے پر رہیں گے جبکہ ’ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فاکس‘ کے نائب چیئرمین چیز کیری اس کے نئے چیئرمین ہوں گے۔

لبرٹی میڈیا کے مالک ارب پتی جان میلون ہیں اور یہ کمپنی بیس بال ٹیم اٹلانٹا بریورز سمیت کھیلوں اور تفریح کے کئی کاروباروں میں شراکت دار ہے۔

یہ کمپنی ابتدا میں فارمولا ون کے کچھ حصص کی ملکیت حاصل کر رہی ہے اور اگر ریگولیٹرز نے معاہدے کو منظور کر لیا تو پوری ملکیت کا منصوبہ مستقبل میں طے کیا جائے گا۔

اس سودے کی کل مالیت آٹھ ارب ڈالر ہوگی جن میں سے چار ارب فارمولا ون کی جانب سے لیے گئے قرض کی ادائیگی میں استعمال ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

لبرٹی میڈیا فارمولا ون کے حصص نجی ایکویٹی کمپنی سی وی سی کیپٹل سے خرید رہی ہے۔

لبرٹی میڈیا کے چیف ایگزیکیٹو گریگ میفی نے کہا کہ وہ فارمولا ون کا حصہ بننے پر کافی پر جوش ہیں۔

انھوں نے کہا: ’ہمارے خیال سے میڈیا اور کھیل سے متعلق ہمارے طویل تجربات اور نقطۂ نظر فارمولا ون کے تحفظ کے لیے بہتر ہی ہوگا اور اس سے کھیل کے مداحوں، ٹیم اور ہمارے شراکت داروں سبھی کو فائدہ پہنچے گا۔‘

فارمولا ون کے چیف ایگزیکیٹو برنی ایکلیسٹن نے کہا: ’میں لبرٹی میڈیا اور چیز کیری کا فارمولا ون میں خیرمقدم کرنا چاہوں گا اور ان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پر امید ہوں۔‘

اس سے قبل انھوں نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے کہا گیا کہ وہ آئندہ تین برس کے لیے اس عہدے پر موجود رہیں۔

85 سالہ برنی کو اس کھیل میں 40 برس کا تجربہ حاصل ہے۔