کورٹنی والش بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کےنئے بولنگ کوچ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویسٹ انڈیز کے سابق تیز گیند باز کورٹنی والش تین برس کے کنٹریکٹ پر بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم میں باؤلنگ کوچ کے طور اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ہیں۔
والش دنیا کے ایسے پہلے گیند باز تھے جنھوں 500 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کھیل چھوڑنے کے بعد سے وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں لیکن عالمی سطح پر انھوں نے کبھی کوچ کی ذمہ داریاں نہیں سنبھالی تھیں۔
53 سالہ والش کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے پاس بہترین صلاحیت کے حامل کھلاڑي موجود ہیں اور وہ ہیڈ کوچ چندیکا ہاتھوروسنگا کے ساتھ بالنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
والش ہیتھ سٹریک کی جگہ لیں گے جو اب تک بنگلہ دیش کے خصوصی بالنگ کوچ رہے۔
والش کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز تو ’میرا گھر ہے لیکن بنگلہ دیش جیسے باصلاحیت گروپ کے ساتھ انٹرنیشنل کوچ کی حیثیت ایک ایسا موقع تھا کہ میں اسے اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتا تھا۔'
کورٹنی والش نے سنہ 1984 میں اپنا پہلا میچ میں کھیلا تھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 519 وکٹیں لینے کے بعدسنہ 2001 میں ریٹائر ہوگئے تھے۔
جب انھوں نے ٹیم میں شمولیت اختیار کی تو اس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم دنیائے کرکٹ کی ایک بہترین ٹیم تھی اور اپنی جارحانہ بیٹنگ اور تیز ترین بالنگ کے لیے معروف تھی۔

والش نے 205 ون ڈے میچز میں بھی 227 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ون ڈے میں ان کی سب سے بہترین کارکردگی سری لنکا کے خلات رہی جب 1986 میں انھوں نے شارجہ میں ایک رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
والش نے جب کرکٹ کے کھیل کو خیرباد کہا تھا اس وقت بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم زیادہ اچھی نہیں تھی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں تو اب بھی وہ کوئی بڑی ٹیم نہیں لیکن ون ڈے میں حال ہی میں اس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کو مات دی تھی۔
روایتی طور پر بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم سپن باؤلنگ پر منحصر رہی ہے لیکن اب وہاں بھی کئی نئے تیز گیند باز ابھر رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کا کہنا ہے کہ تاریخی طور پر اس وقت بنگلہ دیش کی تیز گيند بازی اپنے عروج پر ہے اور کورٹنی والش کی آمد سے یہ اور بہتر ہوجائے گی۔



