میسی کے مجسمے کی نقاب کشائی کر دی گئی

،تصویر کا ذریعہReuters
ارجنٹائن کے فٹبال سٹار لیونل میسی کے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے چند دن کے بعد ہی بیونس آئرس میں ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کر دی گئی ہے۔
بیونس آئرس کے میئر ہوریسیو رودریگیس نے دریائے پلیٹ کے کنارے پر اس مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
میسی نے کوپا امیریکا فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی چلی کے ہاتھوں شکست کے بعدبین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد سے ان کی حمایت میں پیغامات کی بارش شروع ہو گئی ہے۔
ارجنٹائن کے شہریوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے 29 سالہ کھلاڑی سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں۔ وہ ’لیو، مت جاؤ‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کر رہے ہیں۔
ان لوگوں میں ارجنٹائن کے صدر ماؤریسیو میکری بھی شامل ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کی: ’مجھے اپنی ٹیم پر اس سے زیادہ فخر کبھی نہیں ہوا۔ مجھے امید ہے کہ میں کئی برسوں تک دنیا کے بہترین کھلاڑی کو دیکھنے کا لطف اٹھاتا رہوں گا۔ ’مت جاؤ، لیو۔‘
یہ ہیش ٹیگ بیونس آئرس کی سڑکوں اور ٹریفک کے نشانات پر بھی نظر آ رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ان کے مداح منگل کے روز مجسمے کے قریب جمع ہوئے۔
بہت سوں نے میسی کی سی قمیص پہن رکھی تھی جب کہ دوسروں نے مجسمے کے سامنے ان کی ہنر کی نقل کی۔
کانسی کا یہ مجسمہ پاسیو دی لا گلوریا نامی سڑک پر نصب کیا گیا ہے جہاں ارجنٹائن کے کئی دوسرے مشہور کھلاڑیوں کے مجسمے بھی موجود ہیں۔ ان میں ٹینس کی کھلاڑی گیبریئلا سباٹینی بھی شامل ہیں۔
میسی نے کوپا امیریکا کے فائنل میں شکست کے بعد کہا تھا: ’میرے لیے قومی ٹیم اب ختم ہو گئی ہے۔ میں جو کر سکتا تھا وہ میں نے کر لیا ہے۔ چیمپیئن نہ بن پانا تکلیف دہ ہے۔‘
اس سے قبل میسی اس قومی ٹیم کا بھی حصہ تھے جسے 2014 کی عالمی کپ میں جرمنی نے ایک صفر سے ہرایا تھا۔
تاہم وہ کلب کی سطح پر خاصے کامیاب رہے ہیں اور بارسلونا کی جانب سے آٹھ لا لیگا، جب کہ چار چیمپیئنز لیگز جیت چکے ہیں۔



