انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کوچ رائے ہاجسن مستعفی

،تصویر کا ذریعہAP
یورو 2016 فٹ بال ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی آئس لینڈ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کے بعد انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کوچ رائے ہاجسن مستعفی ہوگئے ہیں۔
68 سالہ ہاجسن کو چار سال قبل سابق کوچ فیبیو کاپیلو کی جگہ تعینات کیا گیا تھا تاہم وہ اہم ٹورنامنٹس میں 11 میچوں میں سے صرف تین میں کامیابی حاصل کر سکے۔
رائے ہاجسن کا کہنا تھا ’مجھے اس قسم کے اختتام پر افسوس ہے کہ یہ سب ہوا۔‘
انھوں نے کہا ’مجھے امید ہے کہ آپ جلد ہی انگلینڈ کی ٹیم کو کسی اہم ٹورنامنٹ کے فائنل میں دیکھیں گے۔‘
ہاجسن کی زیر قیادت انگلینڈ کی ٹیم نے کل 56 میچ کھیلے جن میں سے 33 میں اسے فتح حاصل ہوئی۔

،تصویر کا ذریعہPA
ہاجسن کے مستعفی ہونے کے بعد ایف اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’قوم کی طرح، اس شکست پر ہم مایوس ہیں کہ یورو 2016 میں ہمارا سفر وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔‘
انگلینڈ کی ٹیم یورو کپ کے گروپ بی میں شامل تھی جس میں اس کا روس کے خلاف میچ 1-1 سے برابر رہا اور ویلز کو اس نے 1-2 سے شکست دی جب کہ اس کا آخری پول میچ سلوواکیا کے خلاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور یوں وہ اپنے گروپ میں دوسری پوزیشن پر رہی تھی۔
سلوواکیا کے خلاف میچ میں ویلز کو شکست دینے والی ٹیم میں چھ تبدیلیاں کرنے پر ہاجسن کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
رائے ہاجسن کی ہی زیرقیادت گذشتہ یورو کپ میں انگلینڈ کی ٹیم نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جس میں اسے اٹلی کے ہاتھوں پینلٹی ککس پر شکست ہوئی جبکہ سنہ 2014 کے عالمی کپ میں وہ ابتدائی راؤنڈ میں کوئی میچ نہ جیت سکی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔



