دفاعی چیمپیئن سپین یورو کپ فٹبال کے ناک آؤٹ مرحلے میں

،تصویر کا ذریعہReuters
فرانس میں جاری یورو کپ 2016 میں دفاعی چیمپیئن سپین نے ترکی کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر آخری 16 میں جگہ بنا لی ہے۔
نائس سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دفاعی چیمپیئن سپین نے ترکی کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
سپین رواں چیمپیئن شپ میں دو بار دو سے زیادہ گول کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
الوارو موراٹا نے پہلا گول کرکے سپین کو سبقت دلائی جبکہ نولیٹو نے اس کے چند منٹ بعد دوسرا گول کرکے برتری کو دگنا کر دیا۔
اس میچ میں ہونے والے تیسرے گول کو انتہائی شاندار کہا گيا کیونکہ یہ گول نو کھلاڑیوں کے درمیان 22 پاسز کے نتیجے میں ہوا۔ پہلا گول کھیل کے 34 ویں منٹ میں، دوسرا 37 ویں منٹ میں جبکہ تسیرا گول 48 ویں منٹ میں ہوا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
خیال رہے کہ سپین گذشتہ 13 میچوں سے اس ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر ہے۔
اس سے قبل کروشیا اور چیک ریپبلک کے درمیان میچ ڈرا رہا لیکن اس میں مداحوں کی جانب سے آتش گیر مادے جلانے کے واقعات پیش آئے۔ اسی لیے سپین اور ترکی کے میچ سے قبل سپین کے تین پرستاروں کو آتش گیر مادہ سٹیڈیم میں لے جانے کے لیے گرفتار کیا گيا۔
خیال رہے کہ سپین کی ٹیم نے ترکی سے گذشتہ 62 سال کے دوران کسی بھی میچ میں شکست نہیں کھائی ہے اور وہ رات ہونے والے میچ کے دوران پوری طرح سے کھیل پر حاوی رہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
سپین کے اہم کھلاڑی آندرے انیئسٹا کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔ انھوں نے میچ کے دوران مجموعی طور پر 99 پاسز دیے جن میں سے 78 پاسز مخالف ٹیم کے نصف میں دیے گئے تھے۔
دوسری جانب اٹلی اور سویڈن کے درمیان ہونے والے ایک دوسرے میچ میں اٹلی نے ایک صفر سے فتح حاصل کی۔



