یورو2016: انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ برابر

،تصویر کا ذریعہGetty
یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 میں انگلینڈ اور روس کی ٹیموں کے درمیان گروپ بی کا دوسرا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر ہو گیا ہے۔
انگلینڈ اور روس کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کو چند مواقعے ملے لیکن کوئی بھی ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی۔
تاہم میچ کے 73ویں میں منٹ میں انگلینڈ کی جانب سے ایرک ڈیئر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
٭ <link type="page"><caption> یورو فٹبال چیمپیئن شپ: ویلز کا جیت کے ساتھ آغاز</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2016/06/160611_euro_wales_salvakia_atk.shtml" platform="highweb"/></link>
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ ایک صفر سے روس کو اس میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہو جائے گا۔ لیکن میچ کے اختتامی لمحات میں ملنے والے اضافی وقت میں روس کے کھلاڑی وزیلی برزوٹسکی نے گول کر دیا۔
اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا اختتام برابری پر ہوا۔
اس سے قبل یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کےگروپ بی کے پہلے میچ میں ویلز نے سلواکیہ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز اپنی جیت کے ساتھ کیا۔
میچ میں ویلز کو پہلے ہاف میں سلواکیہ پر ایک صفر سے اس وقت برتری حاصل ہو گئی تھی جب گیرتھ بیلز نے پہلے ہاف کے آغاز میں ہی سکور کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہ
تاہم میچ کے 61ویں منٹ میں سلواکیہ کی جانب سے اوندریج دودا نے گول کر کے میچ برابری پر لاکھڑا کیا۔
اس بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور حملے کیے گئے۔ ویلز کی جانب سے ہال رابسن کانو نے 81ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک قائم رہی۔
دوسری جانب انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ سے قبل انگلینڈ ٹیم کے مداحوں، مخالف شائقین اور پولیس کے درمیان تازہ جھرپیں بھی ہوئیں۔



