عامر پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے: وسیم اکرم

محمد عامر

،تصویر کا ذریعہafp

،تصویر کا کیپشنمحمد عامر نے پابندی کے بعد واپس آنے پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے تیز بولر محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے انھیں ’پاکستانی کرکٹ کا مستقبل‘ کہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پیر کو ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے محمد عامر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سب کچھ بھول کر صرف ایک چیز پر توجہ دے اور وہ ہے کرکٹ۔

انھوں نے کہا کہ محمد عامر ایک بہترین بولر ہیں اور اس ملک کی کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

سپاٹ فکسنگ کے سکینڈل کی وجہ سے پانچ سال کرکٹ سے دور رہنے کے بعد اس سال کے آغاز میں محمد عامر نے اپنی بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز نیوزی لینڈ کے دورے سے کیا تھا۔

اس کے بعد بائیں ہاتھ سے تیز گیند کرنے والے بولر نے ایشیا کپ ٹی 20 اور آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ انھیں انگلینڈ کے دورے کے لیے 17 رکنی سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف سپاٹ فکسنگ کے مرتکب پائے گئے تھے

،تصویر کا ذریعہgetty

،تصویر کا کیپشنمحمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف سپاٹ فکسنگ کے مرتکب پائے گئے تھے

پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ 24 سالہ بولر کو اگلے ہفتے برطانیہ کا ویزہ مل جائے گا۔

محمد عامر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی پر انھوں نے شائقین کا جو پیار دیکھا اس کی وہ توقع نہیں کر رہے تھے لیکن ان کی واپسی پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کے بغیر کسی طور بھی ممکن نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی پر ساتھی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے بھی ان کا حوصلہ بڑھایا جس سے ان پر موجود دباؤ ختم ہوگیا اور اب وہ بہت ریلیکس محسوس کر رہے ہیں۔