نہیں چاہتے کہ ٹوٹینہم پریمیئر لیگ جیت جائے: ہیزرڈ

،تصویر کا ذریعہEPA
برطانوی فٹبال ٹیم چیلسی کے مڈفیلڈر ایڈن ہیزرڈ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی نہیں چاہتے کہ ٹوٹینہم پریمیئر لیگ جیت جائے۔
ٹوٹینہم لیسٹر سے چار پوائنٹ پیچھے ہے اور ابھی اس کے چار میچ باقی ہیں۔
دفاعی چیمپیئن چیلسی دو مئی کو سٹیمفورڈ برج میں اپنے لندن سے تعلق رکھنے والے حریف کی میزبانی کرے گی جب کہ وہ 15 مئی کو سیزن کے آخری دن لیسٹر سے نبرد آزما ہوں گی۔
ہیزرڈ نے بی بی سی کو بتایا: ’مداح، کلب اور کھلاڑی نہیں چاہتے کہ ٹوٹینہم پریمیئر لیگ جیتے۔ ہماری امیدیں لیسٹر سے وابستہ ہیں کیونکہ وہ اس بار چیمپیئن بننے کے مستحق ہیں۔
’اگلے ہفتے ہم ٹوٹینہم سے کھیلنے جا رہے ہیں اور اگر ہم انھیں شکست دے دیں تو بڑا اچھا ہو گا۔‘
ہیزرڈ 2015 میں سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے اور انھوں نے ہفتے کے روز بورنمتھ کے خلاف دو گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
چیلسی کے مڈفیلڈر سیسک فبراگس بھی چاہتے ہیں کہ لیسٹر ہی لیگ جیتے۔ انھوں نے سکائی سپورٹس کو بتایا: ’سپرز سخت محنت کر رہے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ لیسٹر جیت جائے گی اور وہ اس کی حقدار بھی ہو گی۔ میں نہیں چاہتا کہ سپرز جیتیں۔‘



