چیمپیئنز لیگ سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے

گارڈیولا کچھ ہی ماہ بعد سٹی کے کوچ بننے والے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنگارڈیولا کچھ ہی ماہ بعد سٹی کے کوچ بننے والے ہیں

چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے جبکہ ایتھلیٹکو میڈرڈ کا آمنا سامنا بائرن میونخ سے ہو گا۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کا مقابلہ کئی حوالوں سے دلچسپ ہے۔ ان دونوں کے سیمی فائنل میچ کا مطلب یہ ہے کہ اگر سٹی یہ میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے اور دوسری طرف سے بائرن میونخ ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے دے تو سٹی کا فائنل میں بائرن میونخ سے مقابلہ ہو گا جس کا مطلب یہ ہے کہ بائرن کے کوچ پیپ گارڈیولا کی ٹیم کے خلاف کھیلیں گے۔ گارڈیولا کچھ ہی ماہ بعد سٹی کے کوچ بننے والے ہیں۔

اس سیمی فائنل میں سٹی کے مینیجر مائیکل پیلیگرینی ہیں جو 2009 سے 2010 تک میڈرڈ کے مینیجر رہ چکے ہیں۔ ان کے مینیجر بننے کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے اپنے دور میں مانچسٹر یونائٹڈ کی طرف سے کھیلنے والے مشہورِ زمانہ فٹبالر کرسچیانو رونالڈو کو آٹھ کروڑ پاؤنڈ کی لاگت سے ٹیم میں لے کر آئے۔ رونالڈو کے علاوہ انھوں نے ژابی الونسو اور فرانسیسی سٹار کھلاڑی کریم بینزیما کو بھی میڈرڈ سکواڈ کا حصہ بنایا۔

تاہم انھیں ایک سیزن کے بعد ہی میڈرڈ کے مینیجر کے فرائض سے ہاتھ دھونے پڑے اور مینیجر کی ذمہ داری ہوزے مورینیو کو دی گئی، اس کی وجہ چیمپیئنز لیگ کے پہلے راؤنڈ میں میڈرڈ کی شکست اور مقامی چیمپیئن شپ میں بارسلونا کے ہاتھوں شکست تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty

سٹی اور میڈرڈ کا پہلا سیمی فائنل اتحاد سٹیڈیم میں 26 اپریل کو ہو گا جبکہ دوسرا چار مئی کو میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ پر ہوگا۔

یاد رہے کہ میڈرڈ نے ریکارڈ دس بار چیمپیئنز لیگ جیتی ہے اور ان کی طرف سے کھیلنے والے سٹار سٹرائیکر رونالڈو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں اور ولفسبرگ کے خلاف ہیٹ ٹرک سکور کر کے انھی میڈرڈ کی سیمی فائنل کی راہ ہموار کی تھی۔ وہ اس سیزن میں بھی 16 گول سکور کر کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

فائنل 28 مئی کو اٹلی کے سین سیرو سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ادھر ایتھلیٹکو میڈرڈ اگر بائرن میونخ کو شکست دے دیتا ہے اور دوسری طرف سے ریال سٹی کو ہراتا ہے تو یہ آل میڈرڈ فائنل ہو گا اور 2014 کے فائنل کی یاد تازہ ہو جائے گی جب یہی دو ٹیمیں فائنل میں مدِمقابل تھیں۔

جرمنی کی اعلیٰ ترین فٹبال لیگ بندسلیگا کی بہترین ٹیم بائرن میونخ ہے۔ انھوں نے پانچ بار چیمپیئنز لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انھوں نے یہ ٹورنامنٹ آخری بار 2013 میں جیتا تھا۔