آئی پی ایل کو بیرونِ ملک منتقل کرنے پر غور

سنہ 2009 اور 2014 میں بھی آئی پی ایل کے دو ایڈیشن ریاستی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے بیرونِ ملک کھیلے جا چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنہ 2009 اور 2014 میں بھی آئی پی ایل کے دو ایڈیشن ریاستی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے بیرونِ ملک کھیلے جا چکے ہیں

انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جنرل انوراگ ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کی جانب سے اس بات پر غور کرنے کا امکان ہے کہ کیا سنہ 2017 کا ایڈیشن بیرونِ ملک منعقد کیا جا سکتا ہے۔

بی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر نئی دہلی میں جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا ’آئی پی ایل کی گورننگ باڈی انڈیا اور بیرونِ ملک میں کرکٹ کے میدانوں کا جائزہ لی گی۔‘

انوراگ ٹھاکر کے مطابق ہمیں کرکٹ کے میدانوں اور وہاں کے حالات کا جائزہ لینا ہو گا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے ریاستی یونٹس کو پانی کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق سنہ 2009 اور 2014 میں بھی آئی پی ایل کے دو ایڈیشن ریاستی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے بیرونِ ملک کھیلے جا چکے ہیں۔

13 اپریل کو بمبئی کی ہائی کورٹ نے بی بی سی آئی کو مہاراشٹر میں پانی کی کمی کی وجہ سے مئی میں ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ کے میچوں کو کہیں اور منتقل کرنے کا حکم دیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن13 اپریل کو بمبئی کی ہائی کورٹ نے بی بی سی آئی کو مہاراشٹر میں پانی کی کمی کی وجہ سے مئی میں ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ کے میچوں کو کہیں اور منتقل کرنے کا حکم دیا تھا

سنہ 2009 میں آئی پی ایل کے پورے ایڈیشن کو جنوبی افریقہ جبکہ سنہ 2014 میں صرف 15 دن کے لیے اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا۔

آئی پی ایل کو بیرونِ ملک منتقل کرنے پر غور کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کے خزانچی انیردہ چوہدری کی جانب سے چار روز قبل کیے جانے والے ٹویٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔

انیردہ چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آئی پی ایل کو شاید بہت جلد بیرونِ ملک منتقل کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل ایک کے بعد ایک تنازعات کا شکار رہی ہے۔

13 اپریل کو بمبئی کی ہائی کورٹ نے بی بی سی آئی کو مہاراشٹر میں پانی کی کمی کی وجہ سے مئی میں ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ کے میچوں کو کہیں اور منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے نتیجے میں آئی پی ایل کو مہارشٹر کے تین بڑے شہروں ممبئی، پونے اور ناگپور میں ہونے والے 12 میچ مہاراشٹر سےباہر منتقل کرنے پڑے۔

واضح رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ریاست مہاراشٹر میں پانی کی شدید قلت ہے اور ٹورنامنٹ کے دوران پِچیں تیار کرنے کے لیے بہت زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔

آئی پی ایل کرکٹ کی دنیا میں کھیلی جانے والی لیگ میں سب سے امیر ترین لیگ ہے۔

ہر سال موسم بہار میں انڈیا اور کرکٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کے بہتریں کھلاڑی آئی پی ایل کے میچوں میں شرکت کرتے ہیں۔