جیمز ٹیلر دل کی بیماری کے باعث کرکٹ سے ریٹائر

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز جیمز ٹیلر دل کی بیماری کے باعث ریٹائر ہوگئے ہیں۔جیمز ٹیلر انگلش کاؤٹنی ٹیم نوٹنگھم کے لیے بھی کھیلتے تھے۔
طبی معائنے سے معلوم ہوا ہے کہ 26 سالہ جیمز ٹیلر کی حالت ویسی ہی ہے جیسی کہ دل کی بیماری میں مبتلا ہونے والے فٹبالر فیبریکا موامبا کی تھی۔
انگلش بلے باز جیمز ٹیلر سات ٹیسٹ اور 27 ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔ انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ’یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ میری زندگی کا مشکل ترین ہفتہ تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری زندگی الٹ پلٹ ہوگئی ہے۔ لیکن میں یہیں ہوں اور لڑ رہا ہوں۔‘
جیمز ٹیلر اپنی کاؤنٹی ٹیم کی جانب سے کیمبرج ایم سی سی یو کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کر پائے تھے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ ان کی خراب حالت تھی۔
تاہم ان کی کاؤنٹی ٹیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ان کی طبی حالت کے بارے میں بتایا گیا ہے جس پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اینڈریو سٹراس نے کہا کہ انھیں ’غم‘ اور ’صدمہ‘ ہوا ہے۔
اینڈریو سٹراس نے کہا کہ ’جیمز ٹیلر اپنے پورے کیریئر میں مسلسل اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر کے متاثر کرتے رہے ہیں۔‘
’یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ جیمز ٹیلر جیسے سخت محنت کرنے والے کھلاڑی اب بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ٹیلنٹ کا استعمال نہیں کر پائیں گے۔‘



