پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی

شہریار خان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان کا فیصلہ مشکل تھا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنشہریار خان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان کا فیصلہ مشکل تھا
    • مصنف, ذیشان علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کا جائزہ لینے والی خصوصی کمیٹی کی جانب سے پیش کی جانے والے رپورٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی سیلیکشن کمیٹی کو فوری طور پر تحلیل کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی سیلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 تک کے لیے کپتان بنایا گیا۔ تاہم اب خصوصی کمیٹی کی سفارش پر ان کی جگہ نئے کپتان کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے چونکہ استعفی دے دیا ہے لہذا پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کے انتخاب کا عمل بھی آئندہ دنوں میں شروع ہو جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وقار یونس کی جگہ نئے کوچ کے انتخاب میں مدد کے لیے دو رکنی پینل تشکیل دیا گیا ہے جس میں وسیم اکرم اور رمیز راجہ شامل ہیں۔

قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے والے خصوصی کمیٹی نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی سوالات اٹھائیں ہیں اور کمیٹی کا کہنا ہے کہ فٹنس پاکستانی کھلاڑیوں کا بڑا مسئلہ ہے۔

جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹ میں فٹنس اور جرمانے کو لازمی شرط قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذرائع ابلاغ کو کرکٹ کے حوالے سے تمام خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے ترجمان رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ان تمام اقدامات کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریا خان نے کہا کہ ’میں خصوصی کمیٹی کا شکر گزار ہوں جنھوں نے تفصیلی رپورٹ پیش کی اور میں نے ان کی سفارشات کو منظور کر لیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سلیکشن کمیٹی، کوچ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان کا فیصلہ مشکل تھا لیکن پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں ہم نے یہ اقدامات کیے ہیں۔‘

کراچی سے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کا کوچ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

عاقب جاوید اس وقت متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کوچ ہیں ۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ہفتے ان سے رابطہ کرکے ان کی پاکستانی ٹیم کا کوچ بننے میں دلچسپی معلوم کر لی ہے اور ان کی جانب سے بھی مثبت جواب سامنے آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن کو فی الحال ان کے عہدے پر برقرار رکھا ہے جو اس لیے بھی حیران کن ہے کہ حالیہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی شکست کی بنیادی وجہ بیٹنگ اور فیلڈنگ میں خراب کارکردگی رہی ہے۔