نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 75 رنز سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہAP
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ہفتے کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 75 رنز سے شکست دے دی اور پول میچوں میں ناقابل شکست رہی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 15.3 اوورز میں 70 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ سکور سواگتا ہوم نےکیا۔ وہ 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے اوور ہی میں بنگلہ دیش کو نقصان اٹھانا پڑا جب تمیم تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
چھٹے اوور میں آسٹریلیا کو ایک اور کامیابی ملی جب میک کلینیگھن نے متھن کو 11 رنز پر بولڈ کیا۔
آٹھویں اوور میں شکیب الحسن دو رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
نویں اوور کی پانچویں گیند پر میک کلم کی گیند پر سینٹنر نے شاندار کیچ پکڑ کر شبیر کو 12 رنز پر آؤٹ کیا۔
10 ویں اوور کی آخری گیند پر سودی نے سرکار کو چھ رنز پر آؤٹ کیا۔
اگلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر مشفیق ایلیئٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انھوں نے ایک رن بنایا۔
12 ویں اوور میں سودی نے محمود اللہ کو پانچ رنز پر آْؤٹ کیا۔
15 ویں اوور میں ایلیئٹ نے مشرفی کو تین رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ اسی اوور میں مستفیظ چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل بنگلہ دیش نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے آٹھ میں سے چھ بلے باز بولڈ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نکولس تھے جو سات رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
کین ولیمسن نے 42 رنز کی اننگز کھیلی اور انھیں بھی مستفیض الرحمان نے بولڈ کیا۔
کولن منرو آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جنھوں نے 35 رنز بنائے اور وہ بھی اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائہ مشرفی کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ ایلیئٹ صرف نو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیلر نے 24 گیندوں میں 28 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوئے۔
مستفیض نے سینٹنر اور میک کلم کو آگے پیچھے آؤٹ کیا اور آخری گیند پر ہیٹ ٹرک پر تھے۔ تاہم میک کلینیگھن نے آخری گیند پر چھکا مارا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک اپنا کوئی میچ نہیں ہاری ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم تمام میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی آج کوشش ہو گی کہ وہ پول میچوں میں ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ پہلی ٹیم تھی جس نے انڈیا، آسٹریلیا اور پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اب تک تمام میچوں میں سپنرز پر انحصار کیا ہے اور ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی جیسے فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔
نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن گپٹل جنھوں نے پاکستان کے خلاف 80 رنز سکور کیے تھے کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سکواڈ میں تبدیلی نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈن گارڈنز کی وکٹ دیکھ کر ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم کے لیے یہ آخری موقع ہے کہ وہ تین میچوں میں شکست کے بعد ایک میچ جیتے جس کے بعد وہ واپس روانہ ہو جائے گی۔
انڈیا کے خلاف ایک رن سے شکست کے بعد کپتان مشرفی مرتضیٰ کو اپنی ٹیم کو دوبارہ کھڑا کرنا ہو گا۔
مرتضیٰ نے انڈیا سے شکست کے بعد کہا ’جیت سے اتنی قریب آ کر شکست کے بعد اگلا میچ مشکل ہوتا ہے۔ لیکن ہمیں اپنا آخری میچ جم کر کھیلنا ہے۔‘



