کولکتہ میں بارش کی آنکھ مچولی

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولکتہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایڈن گارڈنز میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچ کو بارش سے خطرہ لاحق ہے۔
یہ میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے شروع ہوگا لیکن پہلے صبح اور پھر شام کو ہونے والی بارش کے سبب میدان کو کور سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارش کچھ دیر رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین کولکتہ میں آج ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے شہرمیں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

خراب موسم کے باوجود تماشائیوں کی ایڈن گارڈنز میں آمد کا سلسلہ جاری ہے لیکن انھیں بارش دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی ہے۔
ساٹھ ہزار گنجائش والے اس سٹیڈیم کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں لیکن کرکٹ کے مداح اب بھی دیوانہ وار ٹکٹوں کی تلاش میں پھر رہے ہیں۔
جتنی دیر بارش رکی بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور ابھیشک بچن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سورو گنگولی کے ساتھ نظر آئے۔
امیتابھ بچن میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں بھارتی ترانہ گائیں گے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستانی ترانہ گانے کے لیے شفقت امانت علی کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اس تقریب میں مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابینرجی شریک ہونگی۔ ان کے علاوہ پاکستان کےسابق کپتان اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی تقریب میں خاص طور پر مدعو ہیں۔
عمران خان نے آج پاکستانی ٹیم سے ملاقات بھی کی ہے ۔



