پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, محمد عبداللہ فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
11 سال کے وقفے کے بعد پیر کے روز پاکستان میں ٹینس کے بین الاقوامی مقابلے ایک بار پھر منعقد ہو رہے ہیں۔
اِس سلسلے میں 14 سال اور اُس سے کم عمر کے بچوں کی چیمپیئن شپ ایشیئن ٹینس فیڈریشن پاکستان کے زیر اہتمام دلاور عباس ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہو رہی ہے۔
ایشیئن ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو لگاتار دو بین الاقوامی مقابلے منعقد کرانے کی ذمہ داری دی ہے۔ اِس سے قبل انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے منعقد کرانے پر پابندی عائد تھی جس کی وجہ سے ڈیوس کپ اور دیگر عالمی مقابلے بیرونِ ملک منعقد کرائے گئے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی کے مطابق ایشیئن ٹینس فیڈریشن کے تحت کرائی جانی والی حالیہ چیمپیئن شپ پاکستان میں ہر طرح کے ٹینس مقابلوں کے انعقاد کی راہ ہموار کرے گی۔
آج کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے ملائیشیا کے ایک ٹینس پلیئر وی یی شن اپنی والدہ اور کوچ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک برطانوی اور سری لنکن صبح ہی چیمپیئن شپ میں حصہ لینے پہنچے ہیں۔
مقابلوں کی پہلی لیگ پاکستان ٹینس فیڈریشن جبکہ دوسری لیگ اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن منعقد کرے گی جس کی امپائرنگ آئی ٹی ایف کے وائٹ بیج امپائر عارف قریشی اور شہزاد اختر علوی کریں گے۔
آج وائلڈ کارڈ انٹری کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے جا رہے ہیں جبکہ منگل کے روز پہلا باقاعدہ میچ کھیلا جائے گا۔



