روہت شرما کی دوسری سینچری، آسٹریلیا کی دوسری جیت

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
بھارت کے 308 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 49 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے بیلی 76 اور میکسویل 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
309 کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے پراعتماد آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ٹیم کا مجموعی سکور 145 تھا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/ECKP90193" platform="highweb"/></link>
پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑي فنچ کی وکٹ جاڈیجہ نی حاصل کی جن کا کیچ 25ویں اوور کی آخری گیند پر رہانے نے پکڑا۔ انھوں نے 81 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکّے کی مدد سے 71 رن بنائے۔اس کے بعد مارش بھی نصف سنچری مکمل کر کے آؤٹ ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
تیسری وکٹ کپتان سٹیون سمتھ کی گری جو 46 رن بنا کر یادو کی ایک گیند پر بولڈ ہوگئے۔
روہت شرما کو شاندار سینچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں 308 رن سکور کیے تھے۔
بھارت کی طرف سے روہت شرما نے شاندار 127 گیندوں میں 124 رنز سکور کیے۔ انھوں نے اس دورے کے پہلے پہلے میچ میں بھی 171 رن بنائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ ٹیم کا جب مجموعی سکور نو رن تھا تو اس وقت شیکھر دھون محض چھ رن پر پیرس کی ایک گیند پر ویڈ کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔
بعد میں وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے اننگ کو سنبھالا۔ کوہلی کو رچرڈسن نے اس وقت رن آؤٹ کیا جب وہ 69 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔
تیسری وکٹ روہت شرما کی گری جنہیں فاکنر نے 124 رن پر رن آؤٹ کیا۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی محض گیارہ رن پر بولینڈر کی ایک بال پر میکسویل کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔
راہانے کی وکٹ فاکنر کو ملی جن کا کیچ 89 رن پر سمتھ نے پکڑا۔ منیش پانڈے بھی چھ رن پر فاکنر کا شکار بنے جن کا کیچ پیرس نے پکڑا جبکہ جڈیجہ محض چھ رن پر رن آؤٹ قرار دیے گئے۔ اشون صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس ہوئے۔



